جموں //نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر اور سابقہ ممبر اسمبلی نگروٹہ نے نیو ڈائمنڈ پبلک سکول کے یوم تاسیس کے موقعہ پر کہا کہ والدین اور ٹیچروں کو چاہیے کہ وہ بچوں کی اہلیت کے مطابق ہی ان کا ہدف بھی مقرر کریں تاکہ طلباء اپنے دلچسپی کے تحت اپنا مستقبل روشن کرسکیں ۔نگروٹہ میں منعقدہ اس پروگرام کے دوران این سی سنیئر لیڈر نے کہاکہ والدین اور اساتذہ کے اشترا ک سے طلباء کو بہتر مستقبل کیلئے معقول راستے پر گامزن کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سماج میں ایسے ماحول کی اشد ضرورت ہے جہاں پر بچوں کی معیاری تعلیم اور ان کو ملکی خدمت کیلئے بہتر انداز سے تیار کیا جاسکے ۔موصوف نے طلباء کے مستقبل کو نکھارنے میں ٹیچروں کے رول پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ٹیچر بچوں کا ایک بہترین رہنما ہو تا ہے جوکہ ان کو معیاری تعلیم کے علا وہ ایک ساز گار ماحول بھی فراہم کرسکتا ہے ۔انہوں نے نیو ڈائمنڈ پبلک سکول کی انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے طلباء سے اپیل کہ کہ وہ پڑھائی کے علا وہ کھیلوں کی جانب بھی توجہ دے کر اپنی ریاست و ملک کا نام روشن کریں ۔اس سے قبل سکول پرنسپل نے سالانہ رپورٹ پیش کر تے ہوئے تعلیمی میدان میں بچوں کی بہترین کارکردگی پر روشنی ڈالی ۔اس پروگرام میں طلباء ،سٹاف ممبران اور والد ین کے علا وہ رام لعل ورما ،وی ایس ٹھا کر ،سرپنچ رحمت علی ،دین محموس ،موہن لعل ودیگران بھی موجود تھے ۔