پونچھ//ضلع ہسپتال پونچھ میں عرصہ دراز سے پردھان منتری بھارتیہ جن اوشدھی سٹور بند ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو کئی سہولیات فراہم نہیں ہو پارہی ہیں۔ ایک مریض نے کہا کہ اس سٹورسے مریضوں کواَدویات کافی سستے داموں پر دستیاب ہوتی تھیں اور جنرک اَدویات مریض آسانی سے خرید بھی سکتے تھے لیکن ہسپتال انتظامیہ کی وجہ سے اسے اچانک بند کر دیا گیا ۔اِس حوالے سے جب اس سٹورکو چلانے والے بیوپاری سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ وہ اچھی طرح کام کر رہے تھے لیکن ان کو اچانک دکان بند کرنے کا حکم دیاگیا جس کی وجہ سے ان کو لاکھوں کا نقصان ہوا کیوں کہ ان کی اَدویات اور دیگر سازو سامان وہاں تباہ ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ ایک سال تین ماہ پہلے ضلع ترقیاتی کمیشنر نے ان کی دکان کو اچانک بند کرنے کا حکم صادر کیاتھا جس کے بعد انہوں نے عدالت سے رجوع کیا، وہاں سے جیسے ہی ہدایت ملے گی تو سٹور بحال کیاجائے گا۔