بارش و برفباری کی پیشگوئی سے خشک سالی کے خاتمے کی امید
محمد تسکین
بانہال// بدھ کے روز ضلع رامبن کے بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود رہا تاہم دن کے مختلف اوقات میں دھوپ بھی نکلتی رہی، جو شام تک جاری رہی۔ صبح سے ہی سرد ہواؤں کے باعث سردی میں اضافہ محسوس کیا گیا جبکہ بانہال اور رامسو کے درمیان ہواؤں کی رفتار تیز اور حد درجہ سرد رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کی رات سے جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا امکان ہے جس سے طویل عرصے سے جاری خشک موسم کے خاتمے کی امید کی جا رہی ہے۔مسلسل بارشوں اور برفباری کے نہ ہونے کے باعث ضلع رام بن کے مختلف پہاڑی علاقوں میں قدرتی چشمے یا تو مکمل طور پر خشک ہو چکے ہیں یا ان میں پانی کی سطح خطرناک حد تک کم ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں کئی دیہات میں پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ دریائے چناب، نالہ بشلڑی، مہو، پوگل، ڈولیگام نالہ سمیت دریائے چناب سے جا ملنے والے دیگر ندی نالوں میں بھی پانی کی سطح نمایاں طور پر کم ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ اس صورتحال میں زمینداروں نے مختلف فصلوں اور سبزیوں کے بیج بونے کے بعد بارشوں کا انتظار شروع کر دیا ہے تاکہ ان کی کھیتی باڑی سیراب ہو سکے۔اس دوران جموں۔ سری نگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت بدستور بلا رکاوٹ جاری ہے۔ گزشتہ قریب تین ماہ سے بارشوں کے نہ ہونے کے باعث قومی شاہراہ دسمبر اور جنوری جیسے دشوار مہینوں کے دوران بھی دو طرفہ ٹریفک کے لیے مسلسل کھلی رہی اور بدھ کے روز صبح سے شام تک ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال بردار گاڑیوں نے شاہراہ پر دونوں طرف کے ٹریفک میں سفر کیا۔