مرکزی عیدگاہ بانہال میں سب سے بڑا اجتماع، امن و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں
محمد تسکین
بانہال // بدھ کے روز جموں و کشمیر کے باقی حصوں کی طرح پہاڑی ضلع رام بن میں بھی عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت، احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ ضلع بھر کی عیدگاہوں اور مساجد میں ہزاروں فرزندانِ توحید نے نماز عید ادا کی۔ضلع رام بن میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عیدگاہ بانہال میں منعقد ہوا جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نماز عید ادا کی۔ اس کے علاوہ نوگام، ٹھٹھاڑ، ڈولیگام، کھڑی آڑپنچلہ، مہو منگت، ترگام، رامسو، نیل، چملواس، سمبڑ، اُکڑال، پوگل پرستان، سینابتی، کنڈہ، رام بن، گول، سنگلدان، چندرکوٹ، بٹوت اور راج گڑھ سمیت دیگر علاقوں میں بھی عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔عید کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے علمائے اکرام نے عیدالاضحیٰ کی اہمیت اور حضرت ابراہیمؑ علیہ السلام کی عظیم قربانی کے فلسفے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے جموں و کشمیر سمیت پورے ملک میں پائیدار امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔عید کے پیش نظر ضلع بھر میں پولیس اور سول انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی، ٹریفک کی روانی اور دیگر بنیادی سہولیات کے معقول انتظامات کیے گئے تھے تاکہ نماز عید بخوبی انجام دی جا سکے۔