جموں//جموں و کشمیر میں صحت کے شعبے کو استحکام بخشنے کیلئے محکمہ صحت وطبی تعلیم نے خدمات کی نگرانی اور جائزہ لینے کے لئے ایک پروگرام مانیٹرنگ یونٹ (پی ایم یو) تشکیل دیا ہے۔یہ یونٹ ضرورت کے مطابق جاری اور مستقبل کے منصوبوں میں ہر طرح کی تکنیکی مدد فراہم کرے گا۔محکمہ صحت کے ایک افسر نے بتایا کہ پی ایم یو کے قیام کا یہ اقدام لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی ہدایت کے بعد اٹھایا گیا جنہوں نے حال ہی میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں جموں و کشمیر کے صحت کے شعبے کا جائزہ لیا تھا۔صحت کے شعبے میں بہتری لانے اور جموں و کشمیر میں کورونا کے درپیش چیلنج سے نمٹنے کے لئے پی ایم یو کے قیام کی ضرورت محسوس کی گئی۔یہ پی ایم یو جموں و کشمیر کے صحت کے شعبے میں لاگو ہونے والی اسکیموں کی پیشرفت یا ناکامی پر نظر رکھے گا۔پی ایم یو کا جموں کے سول سکریٹریٹ کے ساتھ ساتھ سرینگر میں بھی ایک دفتر ہوگا جبکہ پی ایم یو کے ساتھ تعینات عہدیدار ڈائریکٹر کوارڈ ی نیشن کو رپورٹ کریں گے۔ایک حکم میں محکمہ صحت اورطبی تعلیم کے فنانشل کمشنر اٹل دلو کا کہنا ہے کہ پی ایم یو صحت کے بنیادی مراکز میں مناسب طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالجز اور ڈائریکٹوریٹ ہیلتھ سروسز کے ساتھ رابطہ کرے گا اورصحت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔حکم نامے کے مطابق ، پی ایم یو تمام محکموں کے سربراہان سے نیشنل گرین ٹریبونل کی ہدایات کی تعمیل سے متعلق سہ ماہی اور سالانہ رپورٹ حاصل کرکے اسکیموں کے نفاذ کا جائزہ لے گا۔