جموں//شیوسینا (اْدھو بالا صاحب ٹھاکرے) جموں و کشمیر یونٹ اور راشٹریہ بجرنگ دل نے اننت ناگ میں دن دہاڑے اودھم پور ضلع کے رہنے والے ایک اور ہندو نوجوان دیپو کی ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے بے رحمانہ قتل کی شدید مذمت کی۔شیوسینک ریاستی سربراہ منیش ساہنی کی قیادت میں پارٹی کے ریاستی دفتر روپ نگر جموں میں جمع ہوئے، دہشت گردی ختم کرو، پاکستان کو سبق سکھاؤ کے نعرے لگاتے ہوئے، قتل کی ذمہ داری قبول کرنے والی تنظیم “کشمیر فریڈم فائٹر” کا پتلا جلایا۔ منیش ساہنی نے کشمیر فریڈم فائٹر کو خبردار کیا کہ کشمیر کسی کے باپ کا نہیں، یہ ہندوستان کا اٹوٹ انگ ہے، اور ہمیشہ رہے گا۔انکاکہناتھاکہ دہشت گرد تنظیمیں محض اپنی دہشت کی دکان چلانے کے لیے معصوم لوگوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کے لیے جو کچھ بھی کر رہی ہیں، وہ کشمیر کی باہمی بھائی چارے اور بہتر معاشی حالت کے لیے انتہائی سنگین صورتحال ہے۔
آرٹیکل 370 کی منسوخی اور کشمیر کی صورتحال پر ملک اور بیرون ملک سیاسی روٹیاں پکانے اور تعریفیں حاصل کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا گیا۔ کشمیر کے ساتھ جموں ڈویڑن میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ساہنی نے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے دیپو کے خاندان کے ایک فرد کو سرکاری نوکری اور ایک کروڑ کی نقد امداد کا مطالبہ کیا ہے۔