عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر // شوپیان کے مضافاتی دیہات میںاتوار کو تیسرے روز بھی آپریشن جاری رہا۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی بھاری تعداد نے جمعہ علی الصبح سعد پورہ پائین،امشی پورہ،شمسی پورہ، چھانہ پورہ،گنڈ ہادو، چک شمسی پورہ اورچک امشی پورہ نامی دیہات کا محاصرہ کیا اورہر طرح کی نقل و حرکت مسدود کردی۔ 44آر آر، 3پیرا، 34آر آر،سی آر پی ایف 14بٹالین اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے ایک وسیع علاقے کی ناکہ بندی کردی اور ان دیہات میں باضابطہ طور پر اعلان کرایا کہ لوگ میوہ باغات کا رخ نہ کریں۔ لوگوں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا کہ اپنی کاروباری و تجارتی سرگرمیاں معطل رکھیں کیونکہ سیکورٹی فورسز کو کڈشہ ہے کہ اس علاقے میں دو ملی ٹینٹ دیکھے گئے ہیں جن میں ایک کمانڈر بھی شامل ہے۔ہفتے کی دیر رات سوشل میڈیا پر دو ملی ٹینٹوں کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا ہے جن کی موجودگی کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں لیکن پولیس کی جانب سے اسکی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔ہفتے کی شب چھانہ پورہ علاقے کے نزدیک کئی بار فائرنگ ہوئی اور بڑے دھماکے بھی سنے گئے۔لیکن کسی ملی ٹینٹ کی ہلاکت کے بارے میں پولیس نے نہیں بتایا۔اتوار کو بھی مقامی لوگوں سے کہا گیا کہ وہ میوہ باغات کا رخ نہ کریں اور سیکورٹی فورسز نے گھنے باغات میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری رکھا۔ تلاشیوں کا سلسلہ جمعہ ، سنیچر اور اتوار تین دن سے جاری ہے۔شام کے وقت فورسز باغات میں روشنیوں کا انتظام کرتے ہیں اور محاصرہ مزید سخت کردیا جاتا ہے۔سنیچر کی شام آپریشن کی معطلی کے بعد اتوار کو گھنے میوہ باغات پھر سے کھنگالے گئے لیکن کوئی فائرنگ نہیں ہوئی۔علاقے میں 6 دیہات کی آبادی گھروں میں سہم کر رہ گئی ہے۔