شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کمار واشیا نے پیر کو ایک میٹنگ میںعید میلاد النبیؐ کے سلسلے میں اِنتظامات کو حتمی شکل دی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے افسروں پر زور دیا کہ وہ کووِڈ ایس او پیز کی تعمیل کو بالخصوص عقیدت مندوں کے ماسک پہننے اورفاصلہ برقرار رکھنے کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ کووِڈ ابھی ختم نہیں ہوا ہے اِسلئے لوگوں کو ہدایات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ڈپٹی کمشنرنے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے آنے والے مبارک موقعہ پر لوگوں کی سہولیت کے لئے تمام ضروری اِنتظامات کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے پی ڈی ڈی اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام اِجتماعی مقامات کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔اُنہوں نے اِن علاقوں اور اس کے گردو نواح سٹریٹ لائیٹس کی تنصیب کی بھی ہدایت دی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، پینے کے پانی کے ٹینکر کی دستیابی ، راشن کی مناسب فراہمی ، صحت سہولیات ، آگ بجھانے کے اِنتظامات ، پارکنگ سہولیات اور زیارت گاہوں اور تمام مساجدمیں جہاں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں کی توقع کی جاتی ہے، صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔سچن کمار واشیا نے ٹریفک حکام کو ہدایت دی کہ وہ تمام راستوں پر عقیدت مندوں کی آمد ورفت کے مناسب ٹریفک اِنتظامات کریں۔انہوں نے بلیک مارکیٹنگ ، منافع خوری اور ذخیرۂ اندوزی پر نظررکھنے کے لئے مارکیٹ کی سخت چیکنگ کرنے کی بھی ہدایت دی۔ڈپٹی کمشنر نے میونسپل حکام سے کہا کہ وہ مقدس مقامات کے ارد گرد صفائی ستھرائی کے مناسب اقدامات کو یقینی بنائیں۔میٹنگ میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ زینپورہ شوپیان مشتاق احمد، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو شوپیان شہباز احمد ،اے آر ٹی او شوپیان ، چیف میڈیکل آفیسر ، شوپیان پی ایچ ای اور پی ڈی ڈی کے ایگزیکٹیو اِنجینئران ، ای او میونسپل کمیٹی شوپیان ، پولیس او رٹریفک پولیس اَفسران اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔