واشنگٹن//امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے صدر ولادیمیر پوٹن سے کہاہے کہ شمالی کوریا کے ایٹمی پروگراموں کو روکنے کے لئے مزید سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیاہے کہ مسٹر ٹرمپ نے کل مسٹر پوٹن سے شمالی کوریا کے جوہری معاملہ پر بات چیت کی ہے ۔ اس دوران مسٹر ٹرمپ نے شمالی کوریا میں جوہری ٹیسٹ کو روکنے کے لئے زیادہ اقدامات کرنے کی بات کی ہے ۔ قابل غور ہے کہ مسٹر ٹرمپ نے گزشتہ ماہ ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ شمالی کوریا کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کو لاگو کرنے میں روس دلچسپی نہیں لے رہا۔ وہ شمالی کوریا کی مسلسل مدد کرکے بین الاقوامی برادری کی کوششوں پر پانی پھیر رہا ہے ۔ ادھر امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ اْس کے جوہری اور بیلسٹک میزائیلوں کے حوالے سے مذاکرات ممکن ہیں بشرطیکہ شمالی کوریا بامعنی مزاکرات پر راضی ہو۔ امریکی وزیر خارجہ مشرق وسطیٰ کے دورے پر اس وقت مصر میں موجود ہیں۔اْنہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کو خود طے کرنا ہو گا کہ وہ ہمارے ساتھ بامعنی مذاکرات شروع کرنے کیلئے کب تیار ہو گا۔ اْن کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا اس بات سے بخوبی آگاہ ہے کہ اسے مزاکرات کی میز پر بیٹھ کر کیا بات کرنی ہے۔وزیر خارجہ ٹیلرسن اپنے مصری ہم منصب سامع شوکری کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اْنہوں نے دورہ مصر کے دوران لیبیا اور شام کے بارے میں بات چیت کرنے کے علاوہ اسرائیل فلسطین امن پروگرام کے بارے میں بھی گفتگو کی۔ اْنہوں نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصر کی مدد کرتا رہے گا۔ وہ مصر سے روانہ ہونے سے پہلے مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے بھی ملاقات کریں گے۔مصر میں اگلے ماہ صدارتی انتخاب ہو رہا ہے اور توقع ہے کہ السیسی دوبارہ صدر منتخب ہو جائیں گے۔ دریں اثناء جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے نے کہا کہ جنوبی کوریا کے صدر مون ژائن ان اس بات پر متفق ہیں کہ شمالی کوریا پر زیادہ سے زیادہ دباؤ بنانے کی ضرورت ہے ۔ مسٹر آبے نے آج پارلیمنٹ میں جاپان اور جنوبی کوریا کے درمیان 'کمفرٹ وومین' معاہدہ کو حتمی شکل دینے کی بھی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کوریا کے پیونگچانگ میں منعقد سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے دوران مسٹر ان سے ملے تھے ۔ انہوں نے کہا، "ہم بتانا چاہتے ہیں کہ 'کمفرٹ وومین ' پر اتفاق فیصلہ کن اور ناقابل واپسی ہے ''۔رائٹر