بارہمولہ // ضلع بارہمولہ کے پہلی پورہ علاقے میں جنگلی سورکی موجودگی سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ پچھلے کئی دنوں سے ا ن جانوروں کوعلاقے میں دیکھا جارہا ہے ۔ ادھر محکمہ وائلڈ لائف ذرائع نے بتایا کہ انہیں پہلی پورہ بونیار علاقے میں مقامی لوگوں کی طرف سے متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں کہ پیرنیاں بمیار پیلی پورہ سڑک کے نزدیک دریائے جہلم کے کنارے سوروں کا ایک جھنڈ شام کے وقت گھوم رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان جانوروں کی ایک ویڈیو کلپ بھی موصول ہو ئی جو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی ہے۔ انہوںنے کہا ’’ ہم نے ا پنے ملازمین کو چوکس رہنے کی ہدایت دی تاکہ ان کو پکڑا جاسکے‘‘۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ پہلا موقع نہیں ہے بلکہ پچھلے کچھ سالوں سے اوڑی کے کئی علاقے میں ان جانوروں کی موجودگی کی شکایات موصول ہو رہی ہیں ، پچھلے سال بونیار کے علاقے میں اس جانور کو قبرستان میں دیکھا گیا تھا جس کے بعد مقامی لوگوں نے اُسے ہلاک کیا جبکہ دوسرا قریبی جنگل کی طرف فرار ہوگیا تھا۔پچھلے سال شمالی کشمیر کے رفیع آباد ، ہندوارہ اور کپوارہ علاقوں میں ایسے جانور دیکھے گئے تھے اور حال ہی میں ٹیٹوال میں بھی ان جانوروں کا ایک گروہ دیکھا گیا تھا ۔