جموں//پروفیسرظہورالدین نہ صرف اُردوکے قدآور ادیب اوردانشورتھے بلکہ ایک نیک انسان اورسیکولرذہنیت رکھنے والی شخصیت بھی تھے۔ان خیالات کااظہار شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تعزیتی اجلاس میں مقررین نے کیا۔اس دوران میٹنگ کی صدارت وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسر منوج کماردھرنے کی اورمیٹنگ میں شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران ،طلباء،اسکالرس اورسول سوسائٹی ممبران نے شرکت کی۔مقررین نے سابق صدرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی پروفیسرظہورالدین کوشاندارخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم نے ایک دانشورکے ناطے صوبہ جموں میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اورقومی یکجہتی کوفروغ دینے میں کلیدی رول اداکیا۔ پروفیسرظہورالدین مختلف سماجی اورادبی تنظیموں سے وابستہ ایک سماجی کارکن بھی تھے ۔اس موقعہ پر پروفیسرللت منگوترہ نے پروفیسرظہورالدین کے ساتھ اپنی قرابت داری اوراُردوزبان وادب کیلئے انجام دی گئی خدمات پرروشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ پروفیسرظہورالدین ایک سیکولرشخصیت کے مالک تھے اورہمیشہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اورقومی یکجہتی کوفروغ دینے کیلئے سرگرم عمل رہتے تھے۔پروفیسرشہاب عنایت ملک ڈین فیکلٹی آف آرٹس نے پروفیسرظہورالدین کی صدرشعبہ اُردو،ڈین فیکلٹی آف آرٹس ، کنٹرولرآف ایگزیمی نیشن اوررجسٹرارجموں یونیورسٹی کی حیثیت سے انجام دی گئی خدمات کاذکرکرتے ہوئے انہیں ایک قابل ایڈمنسٹریٹر اورقائدقراردیا۔پروفیسرظہورالدین نے شعبہ اُردوکونہ صرف جموں یونیورسٹی بلکہ ملکی سطح پراُردودنیامیں مقبول وفعال بنایا۔انہوں نے متعددقومی اوربین الاقوامی سیمیناروں کاانعقادکرنے کے علاوہ دودرجن کتابیں تصنیف کیں۔موصوف نے 1993ء تا2001 ء بحیثیت صدرشعبہ اُردومتعددقومی اوربین الاقوامی سیمیناروں میں شرکت کرکے مختلف ادبی وثقافتی اسٹیجوں پر جموں یونیورسٹی کی نمائندگی کی اورتحقیقی مقالات پیش کئے۔مرحوم پروفیسرظہورالدین کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وائس چانسلرجموں یونیورسٹی پروفیسرمنوج کماردھرنے کہاکہ پروفیسرظہورالدین ایک اصول پسندانسان تھے اورجموں یونیورسٹی کیلئے صدرشعبہ اُردو، کنٹرولرآف ایگزیمی نیشن اوررجسٹرارکے طورپران کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے کہاکہ پروفیسرظہورالدین کوان کی کتب اوریادگارکام ہمیشہ زندہ جاویدرکھے گا۔پروفیسرمنوج دھرنے کہاکہ پروفیسرظہورالدین کا انتقال نہ صرف اُردوزبان وادب کیلئے عظیم نقصان ہے بلکہ سماج بھی ایک سیکولرذہنیت رکھنے والی شخصیت سے محروم ہوگیاہے۔اس دوران تعزیتی اجلاس میں مرحوم پروفیسرظہورالدین کوخراج عقیدت پیش کرنے والوں میں اسیرکشتواڑی ،بشیربھدرواہی ،ٹی آررینہ ،ڈاکٹرریاض احمدودیگران شامل تھے۔میٹنگ کے اختتام پر مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دومنٹ کی خاموشی بھی اختیارکی گئی۔