عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سیکورٹی فورسز اور جموں کشمیر پولیس نے اتوار کے روز اننت ناگ قصبے میں محاصرہ اور تلاشی آپریشن کیا۔ حکام نے بتایا ہے کہ یہ تلاشی آپریشن اننت ناگ کے جنگلات منڈی کے دانتر علاقے میں ملک دشمن کاروائیوں میں ملوث عناصر کی موجودگی کے بارے میں اطلاعات موصول ہونے کے بعد کیا گیا۔ عہدیداروں نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے قصبے میں یہ اس طرح کی دوسری کارروائی ہے، جب سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کے روز اسی طرح کا محاصرہ اور تلاشی لی۔
ہٹ اینڈ رن:اونتی پورہ میں راہگیر زخمی
سرینگر/یو این ایس/ اوانتی پورہ علاقے کے بارسو میں قومی شاہراہ پر پیش آئے ایک ہٹ اینڈ رن حادثے میں ایک درمیانی عمر کا راہگیر شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ حکام نے زخمی شخص کی شناخت فیاض احمد حجام ولد بشیر احمد حجام، عمر تقریباً 45 سال، ساکن جمہ نگری شوپیاں کے طور پر کی ہے۔ حکام کے مطابق ایک نامعلوم گاڑی نے اسے ٹکر ماری اور موقع سے فرار ہو گئی، جس کے نتیجے میں وہ قومی شاہراہ پر شدید زخمی حالت میں پڑا رہا حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے موقع پر پہنچ کر زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد کے لیے پرائمری ہیلتھ سینٹر اوانتی پورہ منتقل کیا۔ تاہم زخموں کی سنگینی کے پیش نظر ڈاکٹروں نے اسے مزید علاج کے لیے سرینگر کے ایک اسپتال ریفر کر دیا، جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نامعلوم گاڑی کی تلاش شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے حادثے کے حالات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔