جموں//کانگریس سیوا دل کے بلویندر سنگھ کو پنجاب ریاست کا انچارج بنائے جانے کے بعد جموں پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا، اس موقعہ پر انہوں نے پارٹی صدر راہل گاندھی، غلام نبی آزاد اور غلام احمد میر کے تئیں اظہار تشکر کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ تنظیم کو فعال بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اس موقعہ پر کانگریس یوتھ، سیوال دل ، نسوئی اور مہیلا ونگ کی طرف سے تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں بولیندر سنگھ سمیال کا استقبال کرتے ہوئے مقررین نے توقع ظاہر کی کہ ا نہیں پنجاب ریاست کا پربھاری بنائے جانے سے وہاں کانگریس مزید ترقی کرے گی۔ سمیال نے اپنے خطاب میں سابق گورنر این این ووہرہ کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کچھ تنگ نظر سیاستدان ووہرہ کی اس لئے نکتہ چینی کر رہے ہیں کیوں کہ سابق گورنر موصوف ان کے اشاروں پر نہیں ناچے تھے۔ انہوں نے بی جے پی پردیش صدر کی طرف سے نئے گورنر کو اپنا بندہ قرار دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھاجپا نے پچھلے کچھ برسوں کے دوران آئینی اداروں اور عہدوں کا تقدس پامال کیا ہے ۔ انہوں نے حال ہی میں بھاجپا کی ایک مہیلا لیڈر کی طرف سے لگائے گئے الزامات کی جانچ پڑتا ل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بیٹی بچائو بیٹی پڑھائوکا نعرہ دینے والی بی جے پی کی مہیلا لیڈروں کی عزت محفوظ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا نے پچھلے الیکشن میں لوگوں کو سبز باغ دکھا کر ووٹ حاصل کر لئے تھے لیکن اب لوگوں کو مزید گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔