عظمیٰ نیوز سروس
بیروہ//وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے بدھ کے روز ضلع بڈگام کے قصبہ بیروہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرہ تاجروں کو معاوضہ اور عارضی بحالی کی یقین دہانی کرائی۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جن دکانداروں کی دکانیں سیلاب میں متاثر ہوئی ہیں، انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تعمیراتی اجازت ناموں سے متعلق تمام دستاویزات ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں جمع کرائیں تاکہ ان کی جانچ کی جا سکے۔
انہوں نے کہا’’جن دکانوں کی تعمیر قانونی اجازت کے ساتھ کی گئی ہوگی، انہیں قواعد و ضوابط کے مطابق معاوضہ اور سرکاری امداد فراہم کی جائے گی‘‘۔عمر عبداللہ نے بتایا کہ متاثرہ تاجروں نے عارضی طور پر نئے تعمیر شدہ میونسپل شاپنگ کمپلیکس میں منتقل کیے جانے کی درخواست کی ہے۔انہوں نے کہا’’محکمہ آر اینڈ بی پہلے میونسپل کمپلیکس کا معائنہ کرے گا۔ اگر عمارت محفوظ قرار دی گئی تو متاثرہ دکانداروں کی عارضی بازآبادکاری کا انتظام کیا جائے گا‘‘۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت تاجروں کی اس درخواست پر بھی غور کرے گی کہ انہیں اسی مقام پر دوبارہ دکانیں تعمیر کرنے کی اجازت دی جائے۔انہوں نے کہا’’حکومت اس تجویز کا جائزہ لے گی اور مناسب فیصلہ کیا جائے گا‘‘۔