محمد بشارت
کوٹرنکہ//حالیہ شدید بارشوں، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ نے راجوری ضلع کے کوٹرنکہ سب ڈویژن میں بنیادی ڈھانچے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ پی ایم جی ایس وائی ڈویژن بدھل اور محکمہ تعمیرات عامہ سب ڈویژن کوٹرنکہ کے تحت آنے والی درجنوں رابطہ سڑکیں شدید نقصان کا شکار ہو گئی ہیں، جس کے باعث متعدد دیہات کا زمینی رابطہ متاثر ہوا ہے اور عوام کو روزمرہ زندگی میں سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق تحصیل خواص کے پنگلاڑ، ادھون، کھوڑ بنی، بدھل، گھبر، سموٹ، ترگائیں، کاندھرا، موڑا جگلانوں، دراج، سلٹھ، کنڈی، جمولہ اور کوٹرنکہ۔مڑہوتہ سمیت کئی اہم سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مٹی اور پتھر جمع ہو گئے ہیں۔ متعدد مقامات پر نکاسی آب کے مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے سڑکیں بہہ گئی ہیں یا ان میں بڑے شگاف پڑ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں وہ آمدورفت کے قابل نہیں رہیں۔سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث کئی علاقوں میں گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر بند ہو چکی ہے اور مقامی لوگ کئی کئی کلومیٹر پیدل چلنے پر مجبور ہیں۔ مریضوں، طلبہ، ملازمین اور تاجروں کو شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں، جبکہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل بھی متاثر ہو رہی ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر جلد بحالی کا کام شروع نہ کیا گیا تو آنے والے دنوں میں مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔موڑا جگلانوں سڑک پر ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے مقامی رہائشی محمد شبیر کے مکان کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مکان میں بڑی دراڑیں پڑ گئی ہیں، جس کے باعث وہ اپنے اہل خانہ سمیت گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
متاثرہ خاندان نے حکومت سے فوری امداد اور متبادل رہائش فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔اسی طرح کوٹچروال۔پنگلار سڑک پر حفاظتی دیواروں اور مناسب نالیوں کی عدم موجودگی کے باعث سڑک کا ایک بڑا حصہ سیلابی ریلے میں بہہ گیا ہے، جس سے اس اہم رابطہ سڑک پر آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر پہلے ہی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہوتے تو اس قدر نقصان سے بچا جا سکتا تھا۔علاقہ مکینوں نے حکومت، ضلع انتظامیہ، پی ایم جی ایس وائی اور محکمہ تعمیرات عامہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ سڑکوں کی فوری مرمت کے لیے اضافی فنڈز جاری کیے جائیں اور جنگی بنیادوں پر بحالی کا کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ کا ملبہ ہٹانے، حفاظتی دیواریں تعمیر کرنے، نکاسی آب کا مؤثر نظام قائم کرنے اور تباہ شدہ سڑکوں کی مستقل بنیادوں پر مرمت کے لیے خصوصی پیکیج فراہم کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔مقامی لوگوں نے خبردار کیا کہ اگر سڑکوں کی بحالی میں مزید تاخیر ہوئی تو دور دراز علاقوں میں رہنے والے ہزاروں افراد کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ کوٹرنکہ سب ڈویڑن کے متاثرہ علاقوں کو خصوصی توجہ دیتے ہوئے بنیادی ڈھانچے کی بحالی کو ترجیح دی جائے تاکہ معمولاتِ زندگی جلد از جلد بحال ہو سکیں۔