اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ضلع ڈوڈہ میں شدید بارشوں اور بادل پھٹنے کے باعث 33 کے وی کھلینی–ٹھاٹھری بجلی لائن کو شدید نقصان پہنچنے سے ٹھاٹھری، گندوہ، بھلیسہ، بھٹیاس ، چنگا اور کلہوتران سمیت وسیع علاقے گزشتہ تقریباً 12 گھنٹوں تک بجلی سپلائی متاثر رہی۔ محکمہ بجلی کے مطابق شدید بارش اور سیلابی ریلے کے باعث ٹھاٹھری کے نزدیک 33 کے وی لائن کے دو بجلی کے کھمبے مکمل طور پر تباہ ہوگئے، جس سے بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی۔ حکام نے بتایا کہ بجلی کی ترسیل فی الحال صرف پریم نگر رسیونگ اسٹیشن تک ممکن ہے، جبکہ اس کے بعد کے تمام رسیونگ اسٹیشن متاثر ہوئے ہیں. بجلی کی بندش سے ٹھاٹھری، بھٹیاس ، گندوہ، چنگا، کلہوتران اور بھلیسہ کے ہزاروں صارفین تاریکی میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ بجلی نہ ہونے سے پینے کے پانی کی فراہمی، موبائل نیٹ ورک، انٹرنیٹ، کاروباری سرگرمیاں اور روزمرہ زندگی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ محکمہ بجلی کے انجینئروں اور تکنیکی عملے کی خصوصی ٹیمیں متاثرہ مقام پر پہنچ چکی ہیں اور خراب موسم کے باوجود بجلی کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے حکام کا کہنا ہے کہ موسم سازگار ہوتے ہی تباہ شدہ کھمبوں کی مرمت اور لائن کی بحالی کا کام مکمل کرکے جلد از جلد بجلی بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔