عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کشمیر کی سیب فیڈریشن نے حالیہ ژالہ باری سے متاثرہ باغبانوں کیلئے حکومت سے مناسب معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔فیڈریشن کے صدر ظہور احمد راتھر نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ نقصانات کا درست اندازہ لگایا جائے اور کسانوں کو ایسا معاوضہ فراہم کیا جائے جو ان کے نقصان کی تلافی کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ معمولی رقم دینا کسانوں کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فصل بیمہ اسکیم کو فوری طور پر نافذ کیا جائے کیونکہ یہی کسانوں کے نقصانات کا بہترین حل ہے۔ ان کے مطابق اعلانات کے باوجود زمینی سطح پر اس اسکیم پر کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی۔فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری عبدالرشید نے کہا کہ جموں کے کسان بھی حالیہ آفات سے متاثر ہوئے ہیں اور انہیں امداد کا وعدہ کیا گیا تھا، مگر اب تک کچھ فراہم نہیں کیا گیا۔فیڈریشن نے کے سی سی(کسان کریڈٹ کارڈ)قرضوں کی معافی کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ یہ ایک دیرینہ مسئلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کارپوریٹ شعبے کو رعایتیں دی جا رہی ہیں جبکہ کسانوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، حالانکہ وہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔