عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی ہے کہ بجبہاڑالنگن بل پہلگام روڈ کو فوری طور پر دوبارہ کھولا جائے، کیونکہ اس کی بندش نے سیاحت اور مقامی روزگار کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ پہلگام کے کئی وفود نے انہیں بتایا ہے کہ چندن واری اور مقامی پارکس سمیت اہم سیاحتی مقامات کی بندش سے سیاحوں کی آمد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے افراد نے اس روٹ پر ریزورٹس بنانے میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے، اور اگر سڑک کو مناسب حفاظتی انتظامات کے ساتھ دوبارہ کھولا جائے تو معاشی سرگرمی بحال ہو سکتی ہے اور سیاحت پر انحصار کرنے والوں کو ریلیف ملے گا۔ محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ بعض علاقوں میں پٹرول اور ایل پی جی کی قلت ہے اور عوام کو ایندھن تک رسائی میں مشکلات درپیش ہیں، حالانکہ حکام دعویٰ کرتے ہیں کہ سپلائی مناسب ہے۔ انہوں نے کان کنی پر پابندیوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ غریب مزدور جو ٹریکٹر اور ٹیمپو کے ذریعے سامان ڈھوتے ہیں، ان پر جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں جس سے ان کی مالی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ پی ڈی پی صدر نے نجی اسکولوں کے اساتذہ کی کم تنخواہوں پر بھی تشویش ظاہر کی اور یقین دلایا کہ یہ معاملہ آئندہ اجلاس میں اٹھایا جائے گا، جس میں بہتر تنخواہوں اور سماجی تحفظ کے لیے بل پیش کرنے کا امکان ہے۔