عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے کل ممبر قانون ساز اسمبلی خانیار علی محمد ساگر اور رُکن اسمبلی حضرت بل سلمان علی ساگرکے ہمراہ ایس آر گنج میں واقع اربن پبلک ہیلتھ سینٹر (یو پی ایچ سی) کا معائینہ کیا اور وہاں جاری اَپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ عمارت کی چھت، رابطہ سڑک اور لفٹ کی تنصیب سمیت باقی ماندہ کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ اَپ گریڈ شدہ سہولیت کوجلد از جلد عوام کے لئے وقف کیا جا سکے۔انہوںنے غوثیہ ہسپتال خانیار کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی آبادی کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے، جگہ کی کمی اور پارکنگ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے قریبی شناخت شدہ جگہ پر ایک ایڈیشنل بلاک تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ منصوبے سے متعلق تمام ضروری کارروائیاں جلد مکمل کی جائیں اور تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ (ڈِی پی آر) کی تیاری کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔
ایم ایل اے خانیارعلی محمد ساگر کی انتھک کوششوں کے تحت اس میں بڑے پیمانے پر اپ گریڈیشن دیکھنے میں آئی ہے۔ نئے سرے سے تیار کردہ سہولت کے ساتھ اگلے مہینے کے اندر افتتاح کے لیے تیار ہے۔انہوں نے حضرت بل کے حبک چوک میں واقع سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈِی ایچ) کے معائینہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ منظور شدہ 50 بستروں والے ہسپتال بلاک پر کام جلد شروع کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا، ’’میںمقامی رُکن اسمبلی سلمان علی ساگر کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہتی ہوں جنہوں نے اس معاملے کی بھرپور پیروی کرتے ہوئے اس کی منظوری حاصل کرنے میں اہم کردار اَدا کیا۔‘‘سکینہ اِیتو نے کہا کہ حکومت مریضوں کی بہتر نگہداشت اور صحت کی جدید سہولیات کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے تاکہ لوگوں بالخصوص معاشی طور پر کمزور طبقوں کو معیاری علاج کے لئے نجی ہسپتالوں پر انحصار نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے کہا کہ صحت شعبے میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملی ہے اور بتایا کہ عملے کی کمی کو پورا کرنے اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے جموں و کشمیر میں تقریباً 400 نئے ڈاکٹروں کو تعینات کیا جا رہا ہے۔اُنہوںنے یقین دِلایا کہ نئے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد جلد رکھا جائے گااور ان کی بروقت تکمیل اور عوام کے نام وقف کرنے کو یقینی بنانے کے لئے باقاعدہ نگرانی کی جائے گی۔اِس موقعہ پر مقامی قانون سازوں نے وزیر موصوفہ کا شکریہ اَدا کیا کہ وہ صحت خدمات اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے لئے سرگرم اور لگن کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔بعد میں وزیر صحت سکینہ اِیتو نے برزہامہ کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ مقامی آبادی کی طبی ضروریات پوری کرنے کے لئے ایک پرائمری ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) کی تعمیر کے واسطے مناسب اراضی کی نشاندہی کی جائے۔