جموں//جموں ضلع کی تحصیل بھلوال کے کیری گائوںمیں سکولی طلباء نے اپنے مطالبات کے حق میںپرامن احتجاج کرتے ہوئے چھ گھنٹوں تک اکھنور۔رابطہ سڑک پرآمدورفت معطل رکھی۔اس دوران طلباء نے کہاکہ اس سے پہلے کئی بار متعلقہ حکام کویہ شکایت درج کرائی تھی کہ ہائرسکینڈری سکول رابطہ اورعلاقہ کے دیگراسکولوں میں زیرتعلیم طلباء کوسکول پہنچنے میں گاڑیوں کی عدم دستیابی اوروقت پر گاڑی نہ ملنے کے انہیں شدیدمشکلا ت کاسامناکرناپڑتاہے اوراس کے منفی اثرات ان کی تعلیم پرپڑتے ہیں ۔طلباء نے میڈیاکوبتایاکہ ہماری مانگ ہے کہ سکولی طلباء کیلئے سکول کے اوقات کے دوران خصوصی بس چلائی جائے تاکہ ہمیں وقت پرسکول پہنچنے میں آسانی ہولیکن انتظامیہ نے کوئی توجہ نہیں دی بالخصوص متعلقہ ایس ایچ او گھروٹہ نے اس سلسلے میں سکولی طلباء کوصرف نظرکرنامناسب نہیں سمجھا۔گذشتہ روز صبح آٹھ بجے سے سکولی طلباء کیری گائوں میں جمع ہوئے اورروڈ پررکاوٹیں کھڑی کرکے احتجاج کرتے ہوئے اپنی مانگوں کودن بھرمظاہرہ کرتے رہے ۔اس دوران تحصیلداراورپولیس ٹیم نے موقعہ پر پہنچ کرسراپااحتجاج طلباء کے ساتھ بات چیت کی ،لیکن طلباء نے ان کی یقین دہانیوں پریہ کہتے ہوئے دھیان نہیں دیاکہ شاید بعدمیں عملی طورپراقدامات نہیں اٹھائے جائیں۔بعدازاں ایس ڈی ایم جموں نارتھ محمدالیاس خان نے موقعہ پر پہنچ کریقین دہانی کرائی کہ ایس آرٹی سی کی ایک بس اس روٹ پرلگائی جائے گی تاکہ طلباء کوسکول پہنچنے میں آسانی ہو۔اس سلسلے میں میڈیاسے بات کرتے ہوئے عامرکھٹانہ نے کہاکہ ہماری مانگ بہت پرانی ہے جس پرانتظامیہ نے توجہ نہیں دی جس کے پیش نظرہمیں سڑک بندکرناپڑی۔اس دوران طلباء نے ایس ڈی ایم موصوف کامانگ کوپوراکرنے کی یقین دہانی کیلئے شکریہ بھی اداکیا۔