ڈوڈہ //محلہ اکرم آباد کے مکینوں نے علاقہ کو جوڑنے والی سڑک کی خستہ حالی کے خلاف زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا۔مکینوں کامبینہ الزام ہے کہ اکرم آباد سے گُذر نے ولے لنک روڈ، جو کہ سراز علاقہ کے مختلف علاقوں بشمول بھاگواہ، گنیکا، سازن، بیولی، دیسہ ،کاستی گڑھ وغیرہ سے جوڑتی ہے ،کا پہلا کلو میٹر کافی عرصہ سے انتہائی خستہ حالت میں ہے ا ور نہ سرکار او ر نہ انتظامیہ اس کی جانب کوئی توجہ دے رہی ہے۔مکینوں نے علاقہ میں سے گُذر رہی اس سڑک کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا ۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ کئی مرتبہ یہ معاملہ حُکام کی نوٹس میں لایا لیکن ابھی تک اسکی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی،جسکی وجہ سے ہم انتہائی قدم اُٹھانے کے لئے مجبور ہو گئے ہیں۔مکینوں کا یہ بھی مبینہ الزم ہے کہ سڑک نہایت ہی خستہ ہے جس پر سے چلنا مشکل ہو جاتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سڑک کی خستہ حالی سے لوگوں کو کافی پریشانیاں ہو جاتی ہیں ،خصوصاً بارش کے موسم میں۔مظاہرین نے علاقہ میں پانی کی قلت کے خلاف بھی نعرے بازی کی اور فوری طور سے اس سلسلہ میں راحت کا مطالبہ کیا۔احتجاجی مظاہرین نے مین اکرم آباد کی سڑک کو کئی گھنٹوں تک بند کیا جسکی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت متاثر ہوئی۔اے سی آر ڈوڈہ طارق حُسین نائیک اور تحصیلدار ڈوڈہ غیاث الحق فوری طور سے جائے موقعہ پر پہنچے او رمظاہرین کے مطالبات کو بغور سُنا اور یقین دلایا کہ ان مطالبات کو کم سے کم وقت میں حل کیا جائے گا۔بعدازا ں اس یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے اپنا احتجا ج ختم کیا اور پُر امُن طور سے منتشر ہوئے۔