عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// گوگو چیک سرینگر میں کل شام ایک سڑک حادثے میں نوا کدل کا رہایشی ہلاک ہو گیا۔حکام نے بتایا کہ مرنے والے کی شناخت غلام قادر وانی کے طور پر کی گئی ہے جو سری نگر کے علاقے نوا کدل کا رہائشی ہے۔ حادثے میں اس کے سر پر شدید چوٹ آئی اور متعدد زخم آئے۔زخمی شخص کو فوری طور پر گورنمنٹ بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ پہنچایا گیا جہاں اسے بے ہوشی کی حالت میں لایا گیا۔ تاہم، وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہے۔ادھر ضلع بانڈی پورہ میں دوران شب بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کیمپ کی ایک بیرک میں آگ لگنے سے ایک بی ایس ایف اہلکار کی موت واقع ہوئی ہے ۔حکام نے بتایا کہ بانڈی پورہ کے ماڈر علاقے میں بی ایس ایف کی 62 ویں بٹالین کے ایک کیمپ کی ایک بیرک جو لکڑی اور ٹین شیٹوں کی بنی ہوئی تھی، میں دوران شب قریب پونے تین بجے آگ لگ گئی۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ایک بی ایس ایف اہلکار کی موت واقع ہوئی ہے جس کی شناخت رمیش کمار ساکن پنجاب کے طور پر ہوئی ہے ۔دریں اثنا حکام نے اس واقعے کا نوٹس لے کر کارروائیاں شروع کی ہیں۔