جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے جے کے پی سی سی کے افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران جموں میں تعمیر ہورہے قانون ساز کمپلیکس کی پیش رفت کا جائیزہ لیا۔کمشنر سیکرٹری تعمیرات عامہ خورشید احمد شاہ، سیکرٹری اسمبلی اچل سیٹھی، ایم ڈی جے کے پی سی سی ، ایم راجو، ڈی جی ایم جے کے پی سی سی یونٹ سیکنڈ جموں پردیپ شرما اور کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔سپیکر کو پروجیکٹ کے تحت جاری کاموں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی۔ اس دوران وہاں اضافی سہولیات قائم کرنے سے متعلق منصوبوں کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ سپیکر موصوف کو بتایا گیا کہ ای ودھان قوانین کے مطابق ہر طرح کی سہولیات نئے کمپلیکس میں موجود ہوں گی۔سپیکر نے جے کے پی سی سی حکام کو ہدایت دی کہ وہ نئے اخراجات کے تخمینہ محکمہ قانون کو پانچ دنوں کے اندر اندر بھیج دیں۔ یہ کمپلیکس مارچ2020 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔علاوہ ازیں سپیکر نے کہا کہ ہاتھ میں لئے گئے کاموں کو تین شفٹوں میں مکمل کیا جانا چاہئے تا کہ اہداف کی حصولیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔