زاہد بشیر
گول//سب ڈویژن گو ل کی عوام نے جموں سرینگر ریلوے لائن سنگلدان ریلوے سٹیشن کے مقام پر وندے بھارت ٹرین سٹاپ فراہم کرنے کا مطالبہ زور و شور سے اٹھایا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ سنگلدان ایک اہم جغرافیائی مقام ہے جو نہ صرف ضلع رام بن بلکہ ملحقہ دور دراز علاقوں کے لوگوں کے لیے بھی مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق اگر وندے بھارت ٹرین کا سٹاپ سنگلدان میں قائم کیا جاتا ہے تو اس سے نہ صرف سب ڈویژن گول کے علاقوں کے لئے بلکہ ضلع ریاسی کے بہت سارے لوگوں کو براہ راست فائدہ حاصل ہوگا۔ خاص طور پر طلبہ، مریضوں اور کاروباری حضرات کے لئے یہ سہولت نہایت اہم ثابت ہوگی، کیونکہ انہیں طویل سفر کر کے دیگر بڑے سٹیشنوں تک پہنچنا پڑتا ہے۔عوام نے مزید کہا کہ سنگلدان ریلوے سٹیشن بنیادی سہولیات کے ساتھ موجود ہے، اس لیے یہاں سٹاپ دینا تکنیکی طور پر بھی ممکن ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف مقامی معیشت کو فروغ ملے گا بلکہ سیاحت کے شعبے میں بھی بہتری آئے گی۔مقامی سماجی کارکنوں اور عوامی نمائندوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے سنگلدان میں وندے بھارت ٹرین کا سٹاپ جلد از جلد منظور کیا جائے۔ عوام نے امید ظاہر کی کہ حکومت ان کے اس جائز مطالبے پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور علاقے کے لوگوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مثبت قدم اٹھائے گی۔