محمد تسکین
بانہال// 30ویں سندھو درشن یاترا 2026میں شامل 485یاتریوں کا ایک قافلہ پیر کے روز ضلع رام بن سے گزرتے ہوئے لیہہ لداخ کی جانب روانہ ہوا، جہاں وہ سالانہ روحانی اور ثقافتی تقریب میں شرکت کریں گے۔یاترا سے وابستہ حکام کے مطابق یاتری لیہہ میں دریائے سندھ کے کنارے منعقد ہونے والے پہلے سندھو کمبھ میں شرکت کے لیے جا رہے ہیں، جو سندھو درشن تقریبات کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس یاترا کا مقصد قومی یکجہتی، ثقافتی ورثے کے فروغ اور روحانی ہم آہنگی کو مضبوط بنانا ہے۔منتظمین کے مطابق یاتریوں کا مرکزی اجتماع 12جون کو جموں میں منعقد ہوگا، جبکہ 13جون کو منالی کے راستے چندی گڑھ میں بھی ایک خصوصی اجتماع رکھا گیا ہے، جس کے بعد یاتری اپنی اگلی منزل کی جانب روانہ ہوں گے۔485یاتریوں پر مشتمل قافلہ مقامی انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے کیے گئے ضروری انتظامات کے درمیان پُرامن طریقے سے رام بن سے گزرا۔ یاتریوں نے اس تاریخی یاترا میں شرکت اور مقدس دریائے سندھ کے درشن کے حوالے سے اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ سندھو درشن یاترا کے 30ویں ایڈیشن میں ملک کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں عقیدت مندوں اور سیاحوں کی شرکت متوقع ہے، جس سے قومی یکجہتی اور ثقافتی ہم آہنگی کے پیغام کو مزید فروغ ملے گا۔