محتشم احتشام
پونچھ// ضلع پونچھ کے مڈل پنچایت سنئی میں ہولسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت قائم کیے گئے جدید انڈہ فارم کا ڈپٹی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما، جے کے اے ایس نے تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے فارم کی بنیادی ڈھانچے،انتظامی امور اور پیداواری صلاحیت کا جائزہ لیتے ہوئے اس منصوبے کو دیہی معیشت کے استحکام اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
محکمہ حیوانات پروری کے اشتراک سے قائم اس جدید کمرشل لیئر فارم میں دس ہزار مرغوں کی گنجائش رکھی گئی ہے، جس کا مقصد ضلع میں پولٹری صنعت کو فروغ دینا، خود روزگار کے امکانات پیدا کرنا اور مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں کو مستحکم بنانا ہے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مستفید فرد سے ملاقات کرتے ہوئے منصوبے کے نفاذ، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس اقدام کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں زرعی اور ذیلی شعبہ جات کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ نوجوان طبقہ روایتی روزگار کے بجائے خود کفیل منصوبوں کی جانب راغب ہو سکے۔اشوک کمار شرما نے کہا کہ ہولسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت جاری اسکیمیں زرعی و دیہی معیشت میں انقلابی تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ نوجوان کاروباری افراد کو تکنیکی رہنمائی، تربیت اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ان فلاحی اسکیموں سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولٹری فارمنگ نہ صرف مقامی سطح پر انڈوں اور دیگر غذائی ضروریات کی تکمیل میں معاون ثابت ہوگی بلکہ اس سے بے روزگاری کے خاتمے اور دیہی علاقوں میں مستقل آمدنی کے ذرائع پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔اس موقع پر چیف اینیمل ہسبنڈری آفیسر پونچھ سمیت محکمہ کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ مقامی عوام نے اس منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے ترقیاتی اقدامات سے ضلع پونچھ میں زرعی و کاروباری سرگرمیوں کو نئی جہت ملے گی۔