مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//کنزر کے وسن بانگل سے تعلق رکھنے والے بازوؤں سے محروم جسمانی طور پر خاص تائیکانڈو کھلاڑی محمد سلطان آئندہ دسویں عالمی پیرا تائیکوانڈو چیمپئن شپ کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔ یہ عالمی چمپئین شپ شمالی امریکہ کے میکسیکو میں ستمبر کے مہینے میں منعقد ہوگی۔محمد سلطان جو سلطان کشمیر کے لقب سے بھی جانے جاتے ہیں، نے حال ہی میں پنجاب میں منعقدہ قومی چیمپئن شپ میں سونے کا تمغہ جیتا ہے۔ محمد سلطان نے کہاکہ انہیں انتہائی خوشی ہوئی ہے کہ وہ اس چمپئین شپ کے لئے منتخب ہوئے ہیں ۔ان کاکہناہے کہ وہ وہاں جاکر ملک کے لئے میڈل حاصل کرکے نام روشن کریں گے۔ واضح رہے کہ محمد سلطان ہر فن مولا ہیں یہ ہر کسی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں۔محمد سلطان ہاتھوں کے بجائے اپنے پیروں سے گاڑی چلاتے ہیں۔ پیروں سے لکھتے ہیں، کمپیوٹر، موبائل، اور دوسرے کام بھی کرتے ہیںاور کرکٹ بھی کھیلتے ہیں۔محمد سلطان کشمیر یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی بھی کررہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ غلط راستوں سے دور رہ کر اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں۔