نئی دہلی //حج کمیٹی آف انڈیا نے ایک نوٹس جاری کر کے عازمین کو مطلع کیا ہے کہ امسال فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب کی روانگی سے قبل عازمین کو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لینی لازمی ہیں۔ روال سال حج کے خواہشمند عازمین، جنہوں نے سال2021 میں حج کے لئے درخواستیں دی ہیں، ان کیلئے کورونا ٹیکے کی دونوں خوراک لینی لازمی ہے۔حج کمیٹی نے کہا ہے کہ جون سے عازمین حج کی پرواز یںشروع ہونگی۔ اس لئے تمام عازمین جنہوں نے حج 2021 کیلئے درخواستیں دی ہیں، وہ کورونا ویکسین کی پہلی خوراک فوری طور پر خود لے لیں تاکہ روانگی سے قبل انہیں دوسری خوراک دی جا سکے۔حج کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب کی وزارت صحت نے عازمین کے لئے دونوں خوراک لازمی قرار دیا ہے۔حج کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے ابھی تک حج 2021 کے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی ہے، حج 2021 کے متعلق سعودی انتظامیہ کی منظوری کے بعد آگے کی کارروائی کی جائے گی۔