نئی دہلی//ہاردک پانڈیا کو آخر کار ہندوستانی ٹی ٹوینٹی ٹیم کی کمان پھر سے مل گئی ہے ۔ بی سی سی آئی نے منگل رات کو تین میچوں کی ٹی ٹوینٹی سیریز کیلئے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کیا ۔ سوریہ کمار یادو کو اچھی کارکردگی کا انعام ملا ہے اور انہیں نائب کپتان بنایا گیا ہے ۔ وہیں بطور تیز گیند باز شیوم ماوی اور مکیش کمار بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں ۔ سیریز کی شروعات تین جنوری سے ہورہی ہے ۔ اس سے پہلے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کیلئے پانڈیا کو ٹی ٹوینٹی ٹیم کی کمان ملی تھی اور ٹیم نے ٹی ٹوینٹی سیریز پر قبضہ بھی کیا تھا ۔ حالانکہ بی سی سی آئی کی جانب سے یہ جانکاری نہیں دی گئی ہے کہ پانڈیا کو ٹی ٹوینٹی کی ریگولر کپتانی دی گئی ہے یا نہیں ۔ بی سی سی آئی کی جانب سے جاری نوٹ میں صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹویٹی اور ون ڈے سیریز کیلئے آل انڈیا سلیکشن کمیٹی نے ٹیم منتخب کی ہے ۔ پچھلے دنوں خبر آرہی تھی کہ پانڈیا کو ٹی ٹوینٹی کے ساتھ ساتھ ون ڈے ٹیم کی بھی کمان دی جاسکتی ہے، لیکن سری لنکا کے خلاف اعلان کی گئی ون ڈے ٹیم کی کمان روہت شرما کے ہی پاس ہے ۔ وہیں اگر ٹی ٹوینٹی ٹیم کی بات کریں تو سینئر کھلاڑیوں روہت شرما، وراٹ کوہلی، کے ایل راہل اور ریشبھ پنت کو جگہ نہیں دی گئی ہے ۔ راہل کی کارکردگی پر تو پچھلے دنوں سوالات بھی اٹھے تھے ۔ ٹی ٹوینٹی سیریز کا پہلا میچ تین جنوری کو ممبئی میں کھیلا جائے گا ۔ دوسرا میچ پانچ جنوری کو پونے میں اور تیسرا میچ سات جنوری کو راجکوٹ میں کھیلا جائے گا ۔ وہیں اگر ون ڈے ٹیم کی بات کریں تو سلیکٹرس نے خراب فارم میں چل رہے کے ایل راہل سے ون ڈے کی نائب کپتانی چھین لی ہے ۔ اب 50 اوورز کے میچ میں ہاردک پانڈیا ہندوستان کے نئے نائب کپتان ہوں گے ۔ اس کے علاوہ سنجو سیمسن کو بھی ٹیم میں موقع دیا گیا ہے ۔ وہیں بنگلہ دیش میں ڈبل سنچری بنانے والے ایشان کشن بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں ۔