سرینگر//لیفٹنٹ گورنر کی سربراہی والی جموں کشمیر حکومت نے سرکاری رابطہ گاہوں(ویب سائٹوں) پر متواتر طور پر تازہ ترین معلومات کی دستیابی کیلئے سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سربراہی میں3رکنی ٹیم کو تشکیل دیا ہے اور انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ان رابطہ گاہوں پر سرکاری اسکیموں و پروگراموں تک صارفین کی رسائی آسان ہو۔سرکار نے تمام انتظامی سکریٹریوں،ضلع ترقیاتی کمشنروں اور سرکاری محکموں کے سربراہان کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے محکموں کی ویب سائٹوں کو جدید ترین اسکیموں اور رہنما خطوط کے ساتھ تجدید (اپ ڈیٹ) کریںاور18فروری تک اس سلسلے میں رپورٹ پیش کریں۔ انتظامی ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ ڈیڈ لائن سے قبل ہی سرکار نے ایک کمیٹی تشکیل دی جس کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس بات کی نگرانی کریں کہ مستقبل میں سرکاری رابطہ گاہوں پر تازہ ترین صورتحال(اپ ڈیٹ) دستیاب رہیں۔ کمشنر سیکریٹری جی اے ڈی کی جانب سے سنیچر کو اس حوالے سے با ضابطہ طور پر ایک حکم نامہ میں جاری کیا گیا جس میں جموں کشمیر میں مختلف سرکاری محکمہ جات اور اضلاع کی رابطہ گاہوں پر تازہ ترین معلومات کی دستیابی(اپ ڈیٹ) کی نگرانی کیلئے3رکنی ٹیم کو تشکیل دینے کو منظوری دی گئی۔اس کمیٹی کی کمان انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمہ کے سیکریٹری کو سونپی گئی ہے جبکہ نیشنل انفارمیٹکس سینٹر( قومی معلوماتی مرکز) کے سٹیٹ انفارمیٹکس افسر اور جموں کشمیر ای گورننس ایجنسی کے نمائندے( جس کو محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکریٹری نامزد کریں گے) ممبر ہونگے۔ اس کمیٹی کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ تمام رابطہ گاہوں پر محکمہ جات اور اضلاع (ضلعی افسران)کی جانب سے مسلسل تازہ ترین معلومات کی دستیابی کیلئے معیاری عملیاتی طریقہ کار مرتب کریں۔ کمیٹی کو قومی معلوماتی مرکز(این آئی سی) کو اس بات کی رہنمائی کرنے کی بھی ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ سرکاری رابطہ گاہوں کی ڈئزئننگ کیلئے انکی رہنمائی کریں تاکہ کہ مزید معلوماتی اور صارف دوست ثابت ہو۔ اس کمیٹی کو اس بات کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے کہ ان رابطہ گاہوں پر دستیاب اہم سرکیولروں،اسکیموں اور پروگراموںتک آسان رسائی ہو۔ حکام کا کہنا ہے کہ مختلف محکموں کی سرکاری ویب سائٹیں کو مختلف انتظامی اقدامات کیلئے شہریوں تک پہنچنے کیلئے ایک آلہ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔عمومی انتظامی محکمہ کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دویدی کی جانب سے پہلے ہی ایک سرکیولر جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت ہند کی طرف سے ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لئے تمام سرکاری وئب سائٹوں میں تکنیکی ، ڈیزائن اور نیویگیشن( ان تک رسائی) معیارات رہنما خطوط جاری کئے گئے ہیںتاہم کچھ محکموں،ڈٖپٹی کمشنروں اور محکموں کے سربرہاں کی ویب سائٹوں کی رسائی کے دوران مشاہدہ کیا گیا ہے کہ ان ویب سائٹوں میں یا تو غیر فعال ای میل ہیںجدید ترین سرکاری اسکیموں اور سرگرمیاں وغیرہ سے متعلق عوامی معلومات نہیں ہے۔اس سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ ان رابطہ گاہوں تک رسائی کے دوران یہ بات بھی مشاہدے میں آئی کہ یہ ویب سائٹیں صارفین کے موافق نہیں ہیں ، نیز حق اطلاعات نظام اور ان امور ات کو سنجیدگی سے ایڈرس نہیں کرتی۔جاری کردہ سرکیولر زیر نمبر of 2021 5-(JK)GDA میں کہا گیا ہے کہ ان معاملات کو حکام سنجیدگی سے مشاہدہ کر رہے ہیں۔ کمشنر سیکریٹری عمومی انتظامی محکمہ منوج کمار دیویدی کا کہنا تھا’’اسی مناسبت سے ، یہ تمام انتظامی سیکرٹریوں ،ڈپٹی کمشنروں اور محکموں کے سربراہان پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ فوری طور پر سرکاری ویب سائٹوں کے لئے رہنما اصولوں کی تعمیل کریں۔اور اس سلسلے میں’’این آئی سی‘‘ سے اسکیموں ، پروگراموں اور خدمات کی معلومات کی آن لائن فراہمی کے معیار کو بڑھانے کے لئے این آئی سی سے مشاورت کریں، اور اس بات کو یقینی بنائے سرکاری’’ وئب سپیس‘‘ میں مستقل مزاجی اور یکسانیت کا معیار پیدا ہو‘‘۔کمشنر سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ نے اس سلسلے میں میںمتعلقہ افراد محکمہ عمومی انتظامی کو18فروری تک تعمیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔عوامی حلقوں سے بھی متواتر طور پر شکایات تھی کہ سرکاری رابطہ گاہوں میں جدید اور تازہ ترین اسکیموں کے بارے میں جہاں معلومات کی کمی ہے وہی کئی محکموں کی وئب سائٹس پر پرانے معلومات ہے اور کئی ایک غیر فعال ہے،جس کے نتیجے میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے’’عام لوگوں اورمیڈیا کے لئے محکمہ کی ویب سائٹیں حکومت کے ذریعہ کئے جانے والے کاموں کے بارے میں معلومات کا ایک بنیادی وسیلہ ہیں اور اس کے لئے محکموں کی ویب سائٹوں کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کرنا ضروری ہے۔‘‘ذرائع نے بتایا کہ یہ بات دیکھنے میں آئی ہے کہ حکومت کے کچھ محکمے اپنی ویب سائٹ کے مندرجات کو مستقل بنیاد پر اپ ڈیٹ نہیں کررہے ہیں۔ایک سرکاری افسر نے بتایا کہ حکومت نے متعدد بار محکموں کو باقاعدہ بنیادوں پر سرکاری ویب سائٹ کو اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ لوگوں کو حکومت کے کاموں کے بارے میں تازہ ترین معلومات فراہم کی جاسکیں۔تاہم ، زیادہ تر محکموں کی ویب سائٹیں یا تو اپ ڈیٹ نہیں ہوئی تھیں یا غیر فعل ہیں ، یا پرانی اور غیر متعلقہ معلومات کو وہاں سے نہیں ہٹایا گیا ہے۔یہاں یہ بتانا ضروری کہ متعدد سرکاری ویب سائٹوں پر سرسری نظر ڈالنے سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ محکموں نے’’ ایس آئی سی‘‘ کی ہدایت کو نظرانداز کیا ہے اور اہم معلومات کو پیش نہیں کیا ہے۔کئی محکموں نے اپنی ویب سائٹ پر رابطہ نمبر اور آفیشل ایڈریس نہیں دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ کو اپ ڈیٹ کرنا حکومت ، انتظامیہ کو جوابدہ اور شفاف بنانے کی ہدایت کردہ اقدامات میں سے ایک ہے۔حکومت کی ایسی ہی ایک ہدایت جموں کشمیر کے تمام اضلاع کے ضلعی ترقیاتی کمشنروں کے ذریعہ واٹس ایپ گروپس کی تشکیل تھی۔ ڈپٹی کمشنروں کو شکایات موصول کرنے کے لئے واٹس ایپ گروپس بنانے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم ، ذرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر ضلع ترقیاتی کمشنروں نے سرکاری ہدایت پر عمل نہیںکیا اور نہ ہی واٹس ایپ گروپس تشکیل دیں۔ان ذرائع نے بتایا کہ کچھ ڈی ڈی سی نے واٹس ایپ گروپس تشکیل دیئے ہیں لیکن ان کی منتقلی کی وجہ سے وہ جاری نہیں رہ سکے۔