جموں//ملازمین کے بغیراجازت بیرون ممالک نجی دورے پرجانے کا نوٹس لیتے ہوئے جموں کشمیرانتظامیہ نے سرکاری ملازمین کو ہدایت دی ہے کہ وہ قواعدوضوابط کی سختی سے پاسدار کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کاانتباہ جاری کیا ہے۔جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کے ایک حکم کے مطابق انتظامیہ کی طرف سے ملازمین کے بیرون ممالک نجی دوروں کیلئے اجازت دینے کے عمل کے ضوابط واضح کئے گئے ہیں ۔حکم میں کمشنرسیکریٹری منوج کمار دیودی نے کہا،’’ملک سے باہرنجی طور جانے کیلئے اجازت دینے کے ضوابط وہی ہیں جو ملک سے باہررخصت کے ہیں‘‘۔اس کے علاوہ حکم میں کہا گیا ہے کہ محکمہ خزانہ نے 21 فروری 2019 کواس بات کوواضح کیا ہے کہ اسٹیشن چھوڑنے کی اجازت اُس وقت لینی لازمی ہوگی جب ملک سے باہر نجی طور جانے کا ارادہ ہو۔حکم میں کہا گیا ہے کہ اس بات کا تاہم مشاہدہ کیا گیا ہے کہ مختلف محکموں کے حکام بیرون ممالک کے دوروں پرجانے سے قبل بااختیارحاکم سے اجازت قواعد کے مطابق حاصل نہیں کرتے جس سے کہ ان قواعد وضوابط کو مرتب کرنے کا مقصد ہی فوت ہوتا ہے ۔حکام نے معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے۔ حکم نامہ میں تمام سرکاری محکموں ، پبلک سیکٹر اداروں اور کمیشنوں کے حکام اور افسروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان ضابطوں پرسختی سے عمل کریں ۔