سرنکوٹ// سرنکوٹ اسمبلی حلقہ کے متعدد علاقوں میں بجلی کا بنیادی ڈھانچہ انتہائی خستہ ہو چکی ہے جبکہ دیہات میں نصب لکڑی کے کھمبے اور خستہ حال ترسیلی لائنیں صارفین کیلئے مصیبت کا باعث بن گئی ہیں ۔صارفین نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دیہات میںبجلی کی ترسیلی لائنیں سبز درختوں اور لکڑی کے کھمبوں کے بغیر مکمل نہیں ہیں تاہم متعلقہ محکمہ کی جانب سے اس نظام کو معیاری بنانے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہاہے ۔صارفین نے بتایا کہ بجلی نظام کوبہتر بنانے کیلئے متعلقہ محکمہ کے ضلع سطح کے آفیسران کے علاوہ ضلع انتظامیہ سے بھی رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک اس نظام کو درست کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔صارفین نے بتایا کہ سرنکوٹ کے سنئی ،رجاڑہ ،مڑہوٹ ،چندی مڑھ ،بفلیاز ،پھاگلہ ،درابہ ،کھتیاں ،بھونی کھیت ،کلر کٹل ودیگر علاقوں میں بجلی نظام مکمل مفلوج ہو کر رہ گیا ہے لیکن ملازمین زمینی سطح پر اس کومعیاری بنانے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھا رہے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین صرف دیہات میں بجلی کے ماہانہ بل پہنچانے کیلئے رخ کرتے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرنکوٹ میں خستہ حال بجلی نظام کو جلدازجلد درست کیا جائے ۔