مینڈھر//سرحدی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے بالاکوٹ ،مینڈھر اور منکوٹ میں حکام کی طرف سے جن 19بنکروں کا کام شرو ع کیاگیاتھا،وہ تیزی سے چل رہاہے اور اب تک لینٹر سطح تک کام مکمل ہوچکاہے ۔حکام کے مطابق بہت جلد ان بنکروں کوعوام کے نام وقف کردیاجائے گاجہاں وہ کشیدگی کے دوران پناہ لے سکیںگے ۔ بالاکوٹ کے سرحدی علاقہ میں دس بنکروں کا کام شروع کیا گیا تھا جن میںسے سات پرلینٹر ڈال دیاگیاہے ۔ بی ڈی او بالاکوٹ کے مطابق تین باقی ماندہ لینٹر بھی جلد ڈالے جارہے ہیں اوران کی کوشش ہے کہ بہت جلد پہلے مرحلے کے تحت بنکر تعمیر کرلئے جائیں ۔وہیںبی ڈی او منکوٹ کا کہنا ہے کہ انہیں پہلے مرحلے کے لئے پانچ بنکر دئیے گئے تھے جن میں سے تین پر لینٹر بچھادیاگیاہیے جبکہ دیگر دو کاکام بھی تیزی سے چل رہاہے۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے کے بنکر مکمل ہو جانے کے بعد انتظامیہ دوسرے مرحلے کے بنکروں کا منصوبہ بنارہی ہے ۔وہیںبی ڈی او مینڈھر کا کہنا ہے کہ مینڈھر کے سرحدی علاقہ میں چار بنکر تعمیر کرنے کا کام ملا جن میںسے تین پر لینٹرسطح تک کام ہوچکاہے جبکہ ایک بنکر کی تعمیر بھی بہت جلد ہوجائے گی ۔ان کاکہناتھاکہ وہ مزید بنکروں کی تعمیر کیلئے انتظامیہ کی ہدایت کا انتظار کررہے ہیں ۔سرحدی عوام کاکہناہے کہ اتنی کم تعداد میں بنکروںکی تعمیر سے انہیں کوئی فائدہ نہیں ملے گا اور نہ ہی کشیدگی کے دوران جان بچ سکے گی اس لئے ضرورت کے مطابق بنکر بنائے جائیں ۔