سرینگر//پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ سرحدوں پر امن معاہدے کو سختی کے ساتھ عملانے پر اتفاق رائے کے بعد لائن آف کنٹرول پر کوئی تازہ خلاف ورزی نہیں ہوئی جبکہ امسال سرحد پار سے دراندازی صفر رہی۔ البتہ انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے منشیات تازہ تحفہ ہے۔ کرکٹ اسٹیڈیم سونہ وار سرینگر میں انڈر19 ٹی 20 زونل سطح کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ اب تک کشمیر اور جموں خطے میں کنٹرول لائن پر صفر دراندازی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا’’میں سال 2021 میں صفر دراندازی دیکھنا پسند کروں گا، سال 2020 بہترین تھا اور مجھے امید ہے کہ 2021 کو پچھلے سال کے مقابلے میں زیادہ بہتر دیکھا جائے گا‘‘۔سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں ، انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر امن ہے اور بھارت اور پاکستان کے حکام کے مابین تازہ امن معاہدے کے بعد کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ منشیات ’’ایک نیا تحفہ‘‘ ہے جس کو سرحد پار سے بھیجا جا رہا ہے۔دلباغ سنگھ کا کہنا تھا’’گذشتہ سال ہیروئن کی ایک بڑی مقدار پکڑی گئی تھی، ہم نے انسداد منشیات ٹاسک فورس (اے این ٹی ایف) تشکیل دی ہے اور یہ فورس ہر روز ایک بہت اچھا کام کررہی ہے،جبکہ منشیات کشمیراور جموں کی سرحدوں سے بھیجی جارہی ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک پچھلے سال منشیات اور نقد رقم کے علاوہ بھاری مقدار میں اسلحہ بھیج رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون کا استعمال منشیات ، اور اسلحہ بھیجنے کے لئے کیا گیا تھا۔ دلباغ سنگھ نے بتایا ’’ پچھلے سال ہم نے بڑی تعداد میں پستول ، مختلف قسم کی اے کے رائفلیں اور ایم فور 4 رائفلیں ضبط کیں جو امریکی ماڈل کی نقل کے بعد پاکستان یا افغانستان میں بنائے گئے تھے۔سرینگر میں سرگرم عسکریت پسندوںکے بارے میں ، ڈی جی پی نے کہا کہ کچھ نوجوان سرینگر میں عسکریت پسندی میں شامل ہوئے ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ’’ ان عناصر کے ذریعہ بنیاد پرستی ہو رہی ہے جو امن سے خوش نہیں ہیں،تاہم صورتحال تشویشناک نہیں ہے‘‘۔ انہوں نے کہا’’ ہمارے پاس ایک ایکو سسٹم ہے جہاں ہم ایسے معاملات نمٹاتے ہیں،تاہم جہاں تک دوسرے اضلاع کی بات ہے ، ہمیں اپنا سر جوڑ کر رکھنا پڑے گا جہاں نوجوانوں کو بندوق سے دور رکھنے کو یقینی بنانے کے لئے مذہبی رہنماؤں ، سماجی کارکنوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔‘‘انہوں نے کہا کہ پچھلے سال عسکریت پسندی میں شامل ہونے والے تین درجن نوجوانوں کو واپس لایا گیا جب کہ 12 نوجوانوں نے براہ راست مقابلوں میں ہتھیار ڈال دیئے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ہتھیار ڈالنے والوں کے لئے کوئی پالیسی ہے تو ، انہوں نے کہا’’ہتھیار ڈالنے والوں کو اچھی زندگی کے تمام فائدے ملیں گے۔‘‘