سرینگر//سرحدوں پر تعینات بھارت اور پاکستان کی افواج کا ایک دوسرے کو مٹھائیاں اور مبارکبادیاں پیش کرنے کا سلسلہ اتوار کو مسلسل دوسرے دن بھی جاری رہا۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ اتوار کو 'یوم آزادی بھارت' کے موقع پر پاکستانی فوج نے لائن آف کنٹرول کے متعدد سیکٹروں میں بھارتی فوج کو مٹھائیاں اور مبارکبادیاں پیش کیں۔ انہوں نے بتایا’’پاکستانی فوج نے ایل او سی کے متعدد کراسنگ پوائنٹ بشمول پونچھ اور مینڈھر پر مدعو کیا اور یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرنے کے علاوہ مٹھائیاں پیش کیں‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا’’یہ تقریبات انتہائی خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئیں جن کے دوران ایک دوسرے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے ‘‘۔محض ایک دن قبل یعنی 14 اگست کو بھارتی فوج نے ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی فوجیوں کو ان کے یوم آزادی کے موقع پر مٹھائیاں پیش کی تھیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق جموں و کشمیر کے علاوہ پنجاب اور گجرات کی سرحدوں پر بھی بھارتی اور پاکستانی فوج نے یوم آزادی پاکستان و بھارت کے موقع پر مٹھائیوں اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا ہے ۔