بارہمولہ // سب ضلع اسپتال ٹنگمرگ میں جوڑوں کے ماہر ڈاکٹرکی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کا کہنا ہے کہ اسپتال میں جوڑوں کاماہر ڈاکٹرنہ ہونے کی وجہ سے اُنہیں سپتال سے واپس لوٹنا پڑرہا ہے جس کے نتیجے میں وہ سرینگر یا بارہمولہ جانے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نہ ہونے سے خاص کر غریب لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں ۔ ایک مقامی تیمادار مشتا ق احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اسپتال میں رات کے دوران ڈاکٹر دستیاب نہیں ہوتا ہے جس کی وجہ سے بیماروں کو سخت مشکلات سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر چہ لوگوں نے کئی مرتبہ اسپتال انتظامیہ کو اس معاملے سے آگاہ کیا تھا تاہم کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ مریضوں نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ اسپتال میں فوری طور پر جوڑوں کے ایک ماہر ڈاکٹر کو مستقل طور پر تعینات کیا جائے تاکہ اسپتال میں آنے والے مریضوں اور تیماداروں کو درپیش مشکلات سے چھٹکارا مل سکے۔ ادھر اسپتال میں انتظامیہ کا کہناہے کہ یہاں اسپتال میں معمول کے مطابق ڈاکٹر ہوتے ہیں اور یہاں مریضوں کا اچھی طرح سے علاج ہورہا ہے۔