عظمیٰ نیوزسروس
رام بن// ساولکوٹ ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ نے اتوار کے روز رام بن کے پروجیکٹ ہیڈکوارٹر واقع ٹینگر گاؤں میں ایک عظیم ریلی کے ساتھ 16روزہ سوچھتا پکھواڑا 2026 مہم کا اختتام کیا۔پروجیکٹ ہیڈ دینابندھو بورال کی قیادت میں نکالی گئی اس ریلی میں بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی۔ ملازمین اور کنٹریکٹ پر کام کرنے والے عملے نے صفائی کا پیغام عام کرنے کے لیے بینرز اور پلے کارڈز کے ساتھ مارچ کیا۔ اس موقع پر پلاسٹک کے استعمال کو ختم کرنے کے مقصد سے مقامی کاروباری حضرات میں کپڑے اور کاغذ کے تھیلے بھی تقسیم کیے گئے۔مقامی لوگوں اور کاروباری مالکان سے بات چیت کرتے ہوئے بورال نے پلاسٹک کے بجائے کاغذ یا جوٹ کے تھیلوں کے استعمال کی اہمیت اور ماحولیات، صحت، پانی اور بالآخر زرعی پیداوار پر اس کے فوائد کو اجاگر کیا، جو گاؤں کی معیشت کا بنیادی ستون ہے۔ریلی سے قبل ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا، جس کے دوران پروجیکٹ ہیڈ بورال نے مقامی کنٹریکٹ عملے میں صفائی کے پیغام پر مبنی خصوصی طور پر تیار کردہ ٹی شرٹس اور ٹوپیاں تقسیم کیں۔ اس اقدام نے پروجیکٹ میں شمولیت اور یکجہتی کی مثال قائم کی، جہاں مستقل ملازمین بھی اسی خصوصی لباس میں کنٹریکٹ عملے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر ریلی میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر ٹی شرٹس اور ٹوپیاں تقسیم کی گئیں۔اس تقریب کے ساتھ 16 روزہ سوچھتا پکھواڑا-2026مہم اپنے اختتام کو پہنچی۔