وادی بھر میںتقریبات کیلئے کثیر سطحی سیکورٹی انتظامات
سرینگر// آج نئے سال 2026کا آغاز ہوگیا ہے۔نئے سال کی آمد کے موقعہ پر وادی کے صحت افزا مقامات پر لوگوں کی حسب روایت بڑے پیمانے پر گہما گہمی دیکھی گئی۔ ٹورازم محکمہ کی جانب سے گلمرگ، پہلگام اور سونمرگ میں تفریحی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا، جن میں مقامی لوگوں اور سیاحوں کی بہت بڑی تعداد شریک ہوئی۔ گلمرگ اور سونمرگ میں سبھی ہوٹل بک تھے۔
گلمرگ
نئے سال کی آمد پر روایت کے مطابق گلمرگ میں سب سے زیادہ گہما گہمی رہی۔ یہاں محتاط اندازے کے مطابق قریب 100ہوٹل، ہٹ اور دیگر رہائشی مقامات میں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔ہوٹل ایسوسی ایشن کے مطابق گلمرگ میں 5جنوری تک کسی بھی ہوٹل میں کوئی کمرہ خالی نہیںہے اور ہوٹلوں کو پہلے ہی بک کرایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی بہت بڑی تعداد گلمرگ میں موجود ہے اور نئے سال کی خصوصی تقریب کا حصہ بننے کیلئے مقامی لوگوں کی بھی بہت بڑی تعداد موجود رہی۔محکمہ ٹورازم کا کہنا ہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی سیاحوں اور مقامی لوگوں کی بہت بڑی تعداد گلمرگ میں نیا سال منانے کی خوشی میں شرکت کیلئے آئے ہوئے ہیں اور جشن نیا سال میں لوگوں نے بھر پور شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے سیاحوں کی دلچسپی کیلئے تفریح پروگرام کا اہتمام کیا جو ہر سال کی تقریبات کا حصہ ہوتی ہیں۔گلمرگ ونٹر کارنول کا افتتاح ایم ایل گلمرگ فاروق احمد شاہ نے کیا ۔ اس موقعہ پر ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی بھی موجود تھے ۔سال کے آخری دن گلمرگ میں بیرون ریاست اور مقامی سیلانیوں کا سیلاب امڈ آیا ۔ گلمرگ کے تمام چھوٹے بڑے ہوٹل اور سرکاری ہٹیں بک رہیں۔ سیلانیوں کو گلمرگ میں سال کی آخری رات گزارنے کے لئے کمرے دستیاب نہیں ہوسکے ۔
سونمرگ
سونمرگ میں بدھ کو دن بھر مکمل ٹریفک جام رہا۔ پولیس اور ٹریفک عملہ مختلف مقامات پر گاڑیوں کی آوا جاہی پر مامور تھا۔سونمرگ میں نئے سال کی آمد کے موقعہ پر پہلی بار لوگوں کا اتنا زیادہ رش دیکھا گیا۔مقامی لوگوں اورسیاحوں کی تعداد کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ سبھی ہوٹل اورہوم سٹے بک تھے۔سونمرگ میںاس طرح کی بڑی تقریب پہلی بار منائی جارہی ہے۔ جنوری 2025میں زیڈ مور ٹنل کا افتتاح کرنے کے بعد سونمرگ میں اس سال سیاحوں کاسب سے زیادہ رش دیکھا گیا۔یہاں نئے سال کی آمد پر پہلی بار کوئی بڑے تقریب منائی گئی جس کیلئے بھر پور انتظامات کئے گئے تھے۔ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے نئے سال پر رنگا رنگ تفریحی پروگرام رکھا گیا تھا اور برفباری کے دوران بھی لوگ اس میں شریک ہوئے۔
پہلگام
پہلگام میں بھی اسی طرح کی تقریبات جشن نئے سال کا حصہ رہیں۔یہاں چونکہ ہوٹل بہت زیادہ ہیں لہٰذا سیاحوں کی زیادہ تعداد نظر نہیں آرہی تھی لیکن اسکے باوجود بھی مقامی لوگوں کیساتھ غیر ریاستی سیاحوں کی بہت بڑی تعداد نے تقریبات میں حصہ لیا۔ پہلگام کلب میں ایک میوزیکل پروگرام رکھا گیا تھا جس سے لوگ لطف اندوز ہوئے۔
سیکورٹی
نئے سال کی تقریبات کے پیش نظر وادی بھر میں خاص طور پر سیاحتی مقامات پر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ حکام نے بدھ کو کہاکہ پرامن تقریبات کو یقینی بنانے کے لیے، اہم سیاحتی مقامات پر کثیر سطحی سیکورٹی کو برقرار رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے مقامات پر سیکورٹی فورسز کی نمایاں تعیناتی کی گئی ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ وادی کشمیر میں خاص طور پر ان مقامات پر جہاں نئے سال کی تقریبات منعقد ہونے والی ہیں، چیکنگ اور نگرانی کو تیز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے وادی میں اہم سڑکوں کے ساتھ گشت میں اضافہ، علاقے کے تسلط کی کارروائیوں اور سرپرائز معائنہ کے ساتھ اہم داخلی مقامات پر اضافی چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔گزشتہ ہفتے، انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون، وی کے بردی نے نئے سال کے جشن کے لیے سیکورٹی کی صورتحال اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔آئی جی پی نے ہدایت کی تھی کہ تمام تیاریاں پہلے سے مکمل کی جائیں اور ناکے پوائنٹس پر چیکنگ کو مضبوط بنانے، خاص طور پر رات کے اوقات میں، اور پوری وادی میں حساس مقامات پر چوکسی کو سخت رکھنے کی ہدایت کی۔نئے سال کی تقریبات کے ارد گرد سیاحوں کی تعداد میں متوقع اضافے کے ساتھ، آئی جی پی کشمیر نے اہم سیاحتی مقامات پر کثیر سطحی سیکورٹی پر زور دیا، جس میں کیبل کار ٹرمینلز، فارسٹ ٹریکس، ہجوم والے سیاحتی مقامات اور اہم رسائی کے راستوں شامل ہیں۔