واشنگٹن//ڈیموکریٹس نے امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی میں سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے 6 سال کے ٹیکس گوشوارے جاری کردیے ہیں۔ڈان میں شائع غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ڈیموکریٹ کے زیرِ کنٹرول امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی نے ڈونالڈ ٹرمپ کے سنہ 2015 سے سنہ 2020 کے دوران مکمل ٹیکس گوشوارے جاری کردیے ہیں۔خیال رہے کہ سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ کے قانون سازوں کے درمیان طویل عرصے سے ٹیکس گوشوارے جاری کرنے کے حوالے سے لڑائی جاری تھی جس کے بعد گزشتہ ماہ امریکی سپریم کورٹ نے کمیٹی کے حق میں فیصلہ کرتے ہوئے یہ تنازع ختم کیا تھا۔کمیٹی کی جانب سے جاری تفصیلات سے معلوم ہوتا ہے کہ ٹرمپ نے اپنے کروڑوں ڈالر بزنس ہونے کے باوجود سنہ 2020 میں کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا۔دوسری جانب ٹیکس گوشوارے جاری کرنے پر ٹرمپ نے سنگین نتائج سے خبردار کیا ہے ۔سنہ 2024 کے صدارتی انتخابات کے دوران صحافیوں، آزاد ٹیکس ماہرین اور دیگر, ٹرمپ کے ٹیکس گوشوارے کی تفصیلات کی گہرائی سے چھان بین کرسکیں گے ۔صحافیوں کے لیے یہ ایک خاص موقع ہوگا کہ وہ ٹرمپ کی دولت، ان کی کاروباری کارکردگی کے بارے میں تفصیلات تک رسائی حاصل کرسکیں گے اس کے علاوہ ٹرمپ نے اپنے صدارتی دور کے دوران واجب الادا ٹیکس کو کس طرح کم کیا اس پر بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔کمیٹی کی جانب سے سابق صدر کے 6 ہزار صفحات پر مشتمل ریکارڈ اور 2 ہزار 700 سے زائد صفحات پر مشتمل ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلینا ٹرمپ کے ذاتی ٹیکس تفصیلات کے علاوہ 3 ہزار صفحات کے کاروباری تفصیلات شامل ہیں۔