جموں//جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینہ نے نائب صدور شام لا شرما اور سرجیت سنگھ سلاتھیا اور سابق وزیر چندر پرکاش گنگا کے ساتھ پارٹی ہیڈکوارٹر میں سینئر لیڈروں کی میٹنگ کی صدارت کی جس میں 23 جون کو ہونے والی ریلی کے کامیاب انعقاد کی تیاری پر تبادلہ خیال کیا گیاجس سے وزیر داخلہ امت شاہ خطاب کرینگے۔رویندر رینہ نے میٹنگ میں کہا کہ پارٹی لیڈروں کو جموں میں سماج کے مختلف طبقوں کے ساتھ چھوٹے چھوٹے گروپوں میں میٹنگ کرکے ریلی کے لیے عوام کو متحرک کرنا ہوگا تاکہ سماج کے تمام طبقات کے لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ان کا تعاون حاصل کیا جاسکے۔ بشمول مختلف پیشوں سے وابستہ اور مختلف شعبوں میں کام کرنے والے۔انکاکہناتھا’’جموں و کشمیر کے لوگوں کو اچھی طرح یقین ہے کہ یہ بی جے پی اور نریندر مودی کی حکومت ہے جو جموں و کشمیر کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے فکر مند ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ لوگ مرکزی وزیر داخلہ کو سننے آئیں گے، لیکن پھر بھی پارٹی لیڈروں کو ان سے بذات خود رجوع کرنا ہوگا‘‘۔رویندر رینا نے مزید کہا کہ امت شاہ نے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے اور جموں و کشمیر کے انڈین یونین کے ساتھ مکمل انضمام کو یقینی بنانے میں بہت تعاون کیا ہے اور جموں و کشمیر کے لوگ ان کے اور مودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔رویندر رینا نے آنے والی ریلی کے لیے ضروری تیاریوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے کہا کہ وہ ریلی کے انعقاد کے لیے مختلف تقاضوں کے سلسلے میں آپس میں کام کو احتیاط سے تقسیم کریں۔ انہوں نے بلیو پرنٹ کی تفصیلات اگلی میٹنگ میں شیئر کرنے کو بھی کہا۔