جموں // جموں کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم رہبر تعلیم اساتذہ کے لئے موجودہ تحریری ریاستی انتظامی کونسل کے حکم نامے میں پائے جا رہے خدشات اور تحفظات کو دور کر نے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے۔ فورم کے بیان کے مطابق فورم بند پڑی تنخواہوں کی واگذاری ،پلس ٹو اساتذہ کو ساتویں تنخواہ کمیشن کے دائرے میں لانے اور تنخواہ کمیشن کے ایرئرز کو واگذار کرانے کے علاوہ حکمنامے میں دیگر پائے جا رہے خدشات اور شکوک کو دور کر نے کے لئے محو جستجو ہے۔ فورم نے بیان میں کہا کہ کچھ عناصر سستی شہرت حاصل کر نے کے لئے عدالت سے حکم امتناعی لانے اور اس کے لئے رقومات جمع کر نے کی باتیں پھیلا رہے ہیں ۔فورم نے اس حوالے سے لا تعلقی کا اظہار کیا ہے۔ پلس ٹو اساتذہ کو ساتویں تنخواہ کمیشن کے دائرے میں لانے کے لئے فورم کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اس بارے میں متعلقہ افسران اور انتظامیہ کے ساتھ معاملات کو اْٹھا رہا ہے ۔ فورم کے چیئرمین فاروق احمد تانترے نے کہا کہ فورم پہلے ہی عدالت میں ایک معاملے کو لیکر لڑائی لڑ رہی ہے اور اس کیس میں وکیل کو فیس دینے کے لئے رقومات نہیں ہیں تو دوسرے کیس کو عدالت میں لیکر کیا کرے گی۔اْنہوں نے کہا کہ عدالت اس معاملہ کا حل نہیں بلکہ بات چیت اور منظم جدوجہد کے ذریعے اپنے حقوق کی خاطر آواز بلند کرتی رہے گی۔ اْنہوں نے تمام اساتذہ برادری سے اپیل کی کہ وہ غلط افواہوں پر کان نہ دھریں اور اپنے ضلع و زونل باڈی سے رابطہ میں رہے ۔ اْنہوں نے کہا کہ حق تلفی کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ چیرمین نے مزید کہا کہ اساتذہ گذشتہ پانچ مہینوں سے بند پڑی تنخواہوں سے پریشان ہیں ۔ اْنہوں نے گونر انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اساتذہ کی تنخواہوں کو فوری طور واگذار کر نے کے علاوہ دیگر اساتذہ کی طرز پر تمام مراعات کو واگذار کریں تاکہ کسی کے ساتھ نا انصافی نہ ہو۔ اْنہوں نے کہا کہ اس حکم کے تحت پورے کئے جانے والے لوازمات میں سے بیشتر لوازمات اساتذہ نے مستقلی کے وقت پورے کئے ہیں اور اْن لوازامات کو بنیاد بنا کر تمام اساتذہ کی بند پڑی تنخواؤں کو ساتویں تنخواہ کمیشن کے حساب سے فو ری طور پر واگذار کیا جائے تاکہ اس شدید سردی میں اساتذہ کو مالی طور مزید پریشان نہ ہونا پڑے۔ اْنہوں نے کہا کہ جنرل لائن زمرے میں پلس ٹو اساتذہ کی طرز پر رہبر تعلیم اساتذہ میں شامل پلس ٹو اساتذہ کو بھی تمام مرعات فراہم کی جانی چاہئے ورنہ یہ سوتیلی ماں کا سلوک تصور کیا جائے گا۔تانترے نے مزید کہا ہے کہ رہبر تعلیم ٹیچرز فورم ریاست کے تمام رہبر تعلیم اساتذہ کی ایک نمائندہ تنظیم ہے جو روز اول سے ہی اساتذہ کے حقوق کی لڑائی لڑتی آ رہی ہے اور مستقبل میں بھی کسی بھی حق تلفی کو لیکر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔