عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے علاقہ چھاترو کے گاؤں رہال ڈگیان میں تیندوے کی موجودگی اور اس کے حملوں سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور لوگ گھروں میں رہنے کو ہی ترجیح دے رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کی جانب سے موصولہ شکایت کے بعد وائلڈ لائف کنٹرول روم چھاترو نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع کا معائنہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق تیندوے نے بشیر احمد ولد عبد الغنی کمار کے مویشیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں چار بھیڑیں ہلاک جبکہ چھ دیگر ہنوز لاپتہ ہوگئیں۔ اس واقعہ کے بعد گاؤں کے لوگوں میں شدید خوف پایا جا رہا ہے اور انہوں نے انتظامیہ سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے تفصیلی جانچ کی۔ معائنہ کے دوران تیندوے کی موجودگی کے شواہد اور دیگر نشانات پائے گئے ٹیم نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کرکے نقصان کا جائزہ لیا۔ حکام نے مقامی لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے جن میں رات کے وقت گھروں سے باہر نہ نکلنا مویشیوں کو محفوظ مقامات پر رکھنا اور اجتماعی نگرانی کو یقینی بنانا شامل ہے۔وائلڈ لائف محکمہ کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات کئے جائیں گے تاکہ انسانی جانوں اور املاک کو محفوظ رکھا جا سکے۔