دہرادون//یواین آئی// سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے 25 سالہ کرکٹر رشبھ پنت کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے ۔ میکس اسپتال نے جمعہ کی شام میڈیکل بلیٹن جاری کرکے یہ اطلاع دی۔ اسپتال نے بتایا کہ پنت کے دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کی ایم آر آئی رپورٹ نارمل آئی ہے ۔ جمعہ کو ان کے چہرے کی پلاسٹک سرجری ہوئی ہے ۔ پنت کے گھٹنے اور ٹخنے کا ایم آر آئی درد اور سوجن کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا ہے ۔ یہ دونوں ٹیسٹ ہفتہ کو ہوں گے ۔یہاں وزیر اعظم نریندر مودی نے پنت کے حادثے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹویٹر پر کہا کہ حادثے میں کرکٹر رشبھ پنت کے زخمی ہونے سے میں دکھی ہوں۔ میں ان کی اچھی صحت کے لیے دعا گو ہوں۔ وزیراعظم نے پنت کی والدہ سے فون پر بات کی اور ان کی صحت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ انہیں علاج کے لیے روڑکی سے دہرادون لے جایا گیا ہے ۔ وہ یہاں میکس اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کی نگرانی کر رہی ہے ۔جمعہ کو ان کے چہرے کی پلاسٹک سرجری ہوئی ہے ۔ پنت کو ماتھے ، دائیں کلائی، دائیں گھٹنے ، ٹخنے اور انگوٹھے پر چوٹیں آئیں۔ ان کے دائیں گھٹنے میں لگامینٹ پھٹ گیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستان کا کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) پنت کے علاج میں کوئی لاپرواہی نہیں کرنا چاہتا ہے ۔ انہیں دہرادون سے ممبئی منتقل کیا جا سکتا ہے ، تاکہ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ان کے لگامینٹ کا علاج ہو سکے ۔ یہی نہیں، ضرورت پڑنے پر بی سی سی آئی انہیں علاج کے لیے بیرون ملک بھی بھیج سکتا ہے ۔رپورٹ کے مطابق دہلی کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم دہرادون کے لیے روانہ ہوگئی ہے ، وہ میکس اسپتال کے ڈاکٹروں سے بات کرے گی۔ ڈی ڈی سی اے اسے ممبئی منتقل کرنے کے لیے ڈاکٹروں سے مشورہ کرے گا۔کرکٹر رشبھ پنت کو دہرادون سے دہلی یا ممبئی منتقل کیا جا سکتا ہے ۔ بتایا جا رہا ہے کہ پنت کے گھروالے دہلی میں علاج کرانا چاہتے ہیں۔ تاہم اب بی سی سی آئی اس ساری پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہے ۔ بی سی سی آئی پنت کی انجری کے حوالے سے کسی قسم کی لاپرواہی نہیں کرنا چاہتا۔ بورڈ اپنے اسٹار کھلاڑی کی جلد بازیابی کے لیے ایکشن میں آگیا ہے ۔ ضرورت پڑنے پر انہیں بیرون ملک بھی بھیجا جا سکتا ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق، بی سی سی آئی نے میکس ہسپتال سے کہا ہے کہ پنت کے لگامینٹ کی پوری ذمہ داری اب بورڈ کی میڈیکل ٹیم کی ہوگی۔