ریاض//سعودی پرو لیگ میں پرتگال کے مایہ ناز کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی شمولیت کو رواں برس کے آغاز میں کھیلوں کی دنیا کی سب سے بڑی خبر کے طور پر دیکھا جا رہا تھا تاہم تین ماہ گزرنے کے بعد النصر کلب ٹورنامنٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے اور رونالڈو کلب کے ڈرا ہونے والے گذشتہ میچ میں فیلڈ پر خاصے ناخوش دکھائی دیے۔رونالڈو کے لیے گذشتہ ایک سال بہت غیر معمولی رہا اور اس دوران ان کے اپنی ٹیم کے کوچز، یہاں تک کہ مخالف ٹیموں کے مداحوں کے ساتھ بھی تنازعات سامنے آتے رہے ہیں۔تاہم اس وقت اطلاعات کے مطابق وہ سعودی ٹیم النصر کے کوچ روڈی گارشیا سے کچھ زیادہ خوش نہیں اور اس حوالے سے اگلے سیزن کے لیے دیگر کوچز کے ساتھ بھی اس بارے میں رابطے کیے جا رہے ہیں۔اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ سعودی ٹیم النصر اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔خیال رہے کہ کلب فٹبال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ چیمپیئنز لیگ میں شمولیت صرف اسی صورت میں ہو سکتی ہے جب کلب سعودی پرو لیگ میں فتح حاصل کرے۔رونالڈو گذشتہ برس بھی چیمپیئنز لیگ نہیں کھیل پائے تھے کیونکہ اس وقت پریمیئر لیگ کی ٹیم مانچسٹر یونائیٹڈ چیمپیئنز لیگ میں کوالیفائی نہیں کر پائی تھی۔رونالڈو کے کوچز کے ساتھ تنازعات کچھ نئے نہیں۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے کوچ ایرک ٹین ہیگ کے ساتھ تلخیاں پیدا ہوئی تھیں جن کے بارے میں انھوں نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا۔اس کے بعد فٹبال ورلڈ کپ 2022 میں رونالڈو کو فرسٹ ٹیم سے فرنینڈو سینٹاس کی جانب سے ڈراپ کیا گیا تھا، جس کے بعد رونالڈو اس حوالے سے ناخوش دکھائی دیے تھے ۔