عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//ڈپٹی کمشنر ریاسی، ندا ملک نے ضلع میں پی ایم سوریا گھر مفت بجلی یوجنا اور جاری اسمارٹ میٹر تنصیبات کی پیشرفت کا جامع جائزہ لینے کے لئے میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ضلع کی تقسیم وار رجسٹریشن، درخواستوں اور روف ٹاپ سولر تنصیبات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 1,081 رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہیں، جن میں سے 226 نے ابتدائی ادائیگی کی ہے۔ اب تک 204 روف ٹاپ سولر سسٹمز کامیابی سے نصب ہو چکے ہیں جبکہ 39 زیرِ تنصیب ہیں۔ڈی سی نے سست رفتاری پر ناخوشی ظاہر کرتے ہوئے اسکیم کے تحت رجسٹریشن کی رفتار بڑھانے اور عوامی آگاہی مہمات کو تیز کرنے کی ہدایات دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سکیم سے مستفید ہوں۔اس کے علاوہ، ضلع میں اسمارٹ میٹر تنصیبات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ اب تک 9,349 اسمارٹ میٹر نصب ہو چکے ہیں۔ ڈی سی ملک نے ایگزیکٹو انجینئر، پی ڈی ڈی کو ہدایت دی کہ تمام علاقوں میں جلد از جلد تنصیبات مکمل کی جائیں اور 189 سرکاری عمارتوں میں اسمارٹ میٹر کی فوری تنصیب یقینی بنائی جائے۔ڈی سی نے افسروں کو ہدایت کی کہ وہ موجودہ خلا کو کم کرنے اور مقررہ اہداف کو وقت پر مکمل کرنے کے لیے تیز رفتار حکمت عملی اپنائیں۔