ماسکو //روسی صدر ولادیمیر پوتن نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے سوویت یونین کے زوال کے بعد اپنی گزر بسر کے لیے ٹیکسی چلائی تھی۔سوویت یونین کی کے جی بی سکیورٹی سروسز کے سابق ایجنٹ پوتن، جنہوں نے پہلے بھی سوویت یونین کے زوال پر افسوس کا اظہار کیا تھا، کہا کہ تین دہائیاں قبل ہونے والا زوال ’اکثر شہریوں‘ کے لیے ایک ’المیہ‘ ہے۔صدر پوتن کے یہ تبصرے روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آر آئی اے نووستی نے رپورٹ کیے جو نشریاتی ادارے چینل ون کی آنے والی ایک دستاویزی فلم کے اقتباسات تھے، جسے ’روس۔ حالیہ تاریخ‘ کا نام دیا گیا ہے۔روسی صدر کو اس فلم میں یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ ’آخر، سوویت یونین کا انہدام کیا ہے؟ یہ سوویت یونین کے نام سے تاریخی روس کا انہدام ہے۔‘سوویت یونین کے وفادار سرکاری ملازم رہنے والے پوتن اس وقت مایوس ہو گئے جب اس کا انہدام ہوا۔ ایک موقعے پر انہوں نے سوویت یونین کے خاتمے کو ’20 ویں صدی کی سب سے بڑی جغرافیائی سیاسی تباہی‘ بھی قرار دیا۔پوتن سابق سوویت ممالک میں مغربی فوجی عزائم کی توسیع کے بارے میں کافی حساس ہیں اور روس نے رواں ہفتے نیٹو سے جارجیا اور یوکرین کے لیے اپنے دروازے کھولنے کے 2008 کے فیصلے کو باضابطہ طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔