یو این آئی
اندور/رنجی ٹرافی کے کوارٹر فائنل میں تیز گیند باز عاقب نبی کی تباہ کن بالنگ (پہلی اننگز میں 7 اور دوسری میں 5 وکٹیں) اور عابد مشتاق کی عمدہ کارکردگی کی بدولت جموں و کشمیر نے پیر کے روز مدھیہ پردیش کو دوسری اننگز میں 234 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ اس شاندار فتح کے ساتھ ہی جموں و کشمیر نے 56 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے رنجی ٹرافی ٹورنامنٹ کی 66سالہ تاریخ میں پہلی بار سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے ۔ مدھیہ پردیش نے آج اپنی دوسری اننگز گزشتہ روز کے اسکور 87 رنز 5 وکٹوں کے نقصان سے دوبار ہ شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں سنیل کمار نے وینکٹیش ایر 17 کو آؤٹ کر کے مدھیہ پردیش کو چھٹا جھٹکا دیا۔
اس کے بعد عابد مشتاق نے شبھم شرما (32) کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ رام ویر گوجر صرف 11 رنز بنا سکے ۔ میچ کے 61 ویں اوور میں عاقب نبی نے سارانش جین کو بولڈ کر کے جموں و کشمیر کو نویں کامیابی دلائی۔ سارانش جین نے 81 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 64 رنز کی دلیرانہ اننگز کھیلی لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے ۔ بالآخر 69 ویں اوور میں یودھویر سنگھ چرک نے آرین پانڈے (22) کو بولڈ کر کے مدھیہ پردیش کی اننگز کا 234 رنز پر خاتمہ کر دیا اور اپنی ٹیم کے لیے سیمی فائنل کا ٹکٹ کنفرم کر لیا۔ جموں و کشمیر کی جانب سے عاقب نبی نے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عابد مشتاق کے حصے میں 3 وکٹیں آئیں۔ یودھویر سنگھ چرک اور سنیل کمار نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔