عظمیٰ نیوزسروس
لدھیانہ// سی ٹی یونیورسٹی لدھیانہ پنجاب نے رمضان کے مقدس مہینے میں سحری اور افطار کے انتظامات کی درخواست پر کشمیری مسلم طلبا کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور انتظامی ناکامی کے سنگین الزامات کے بعد اپنے وائس چانسلر کو برطرف کردیا ہے۔ پنجاب کے چیف سیکرٹری کے اے پی سنہا کے مطابق معاملہ اعلیٰ سطح پر اٹھایا گیا اور اب اسے حل کر لیا گیا ہے۔چیف سکریٹری نے بتایا کہ ڈاکٹر نتن ٹنڈن کو فوری طور پر وائس چانسلر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب مسلم کشمیری طلبا نے الزام لگایا کہ رمضان کے دوران یونیورسٹی میس میں سحری اور افطار کے بنیادی کھانے کے انتظامات کی درخواست کرنے پر انہیں ہوسٹل سے بے دخل کرنے اور داخلہ منسوخ کرنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ طلبا نے مزید الزام لگایا کہ اس وقت وائس چانسلر نے گالی گلوچ کا استعمال کیا اور انہیں تعلیمی نتائج سے خبردار کیا۔یہ مسئلہ کیمپس میں ایک پرامن ایجی ٹیشن کی شکل اختیار کر گیا، جس میں طلبا نے منصفانہ تحقیقات، تحفظ کی یقین دہانی اور ادارہ جاتی جوابدہی کا مطالبہ کیا۔پنجاب حکومت کے ساتھ معاملہ اٹھانے کے بعد، سینئرضلعی افسران، بشمول سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انکور گپتا اور سب ڈویژنل مجسٹریٹ اپندرجیت کور برار، نے یونیورسٹی کیمپس کا دورہ کیا تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور طلبا کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ پنجاب کے شاہی امام مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی نے بھی کیمپس کا دورہ کیا، طلبا اور یونیورسٹی حکام سے ملاقات کی اور کشیدگی کو کم کرنے اور حالات کو معمول پر لانے کے لیے بات چیت کی سہولت فراہم کی۔ڈپٹی کمشنرہمانشو جین نے کہا کہ طلبہ کا احتجاج اس وقت ختم کر دیا گیا جب انتظامیہ نے الزامات کی مکمل تحقیقات کے احکامات جاری کیے اور یونیورسٹی انتظامیہ نے وائس چانسلر کو معطل کر دیا۔
انتظامیہ نے ایس ایس پی لدھیانہ رورل پولیس اورپنجاب کے شاہی امام مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی سمیت دیگر کمیونٹی رہنماؤں کی مدد سے طلبہ اور یونیورسٹی حکام کے درمیان بات چیت کو ممکن بنایا۔اس کے بعد یونیورسٹی کے چانسلر چرنجیت سنگھ چنی نے مطلع کیا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر نتن ٹنڈن کو ان کے مبینہ طرز عمل اور صورتحال سے نمٹنے کی وجہ سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی نے واقعے کی اندرونی انکوائری شروع کر دی ہے، جبکہ مقامی حکام شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے پیش رفت کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔پنجاب حکومت نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے، جس کی سربراہی ایس ضلع مجسٹریٹ کریں گے جو ممکنہ انتظامی کوتاہیوں اور بدانتظامی سمیت معاملے کی وقتی جانچ کرے گا۔یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب جموںوکشمیر سٹوڈنٹس ایسو سی ایشن نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگوت مان سے مداخلت طلب کی۔ ایسوسی ایشن کا الزام تھا کہ طلبہ نے رمضان کے دوران یونیورسٹی میس میں سحری اور افطار کے لیے بنیادی انتظامات کی درخواست دی تو انہیں ہاسٹل سے بے دخل کرنے اور داخلے منسوخ کرنے کی دھمکیاں دی گئیں۔