سرینگر//کانگریس لیڈر راہل گاندھی پیر کو جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر پہنچے جس کے دوران وہ یہاں پارٹی کے مرکزی دفتر کا افتتاح کریں گے۔ گاندھی کا سرینگر ہوائی اڈے پر پردیش کانگریس کمیٹی صدر غلام احمد میر نے استقبال کیا۔راہل گاندھی نے شام کے وقت ایک ہوٹل میں پردیش کانگریس صدر کے بیٹے کی شادی کے استقبالیہ میں شرکت کی جہاں سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔مدعو کیے جانے والوں میں این سی صدر فاروق عبداللہ اور پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی شامل ہیں۔ آج یعنی منگل کی صبح گاندھی وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے کھیربھوانی مندر اور یہاں ڈل جھیل کے کنارے درگاہ حضرت بل کا دورہ کریں گے۔ صبح ساڑھے گیارہ بجے راہل گاندھی مولانا آزاد روڑ پر کانگریس بھون کا افتتاح کریں گے۔وہ پارٹی آفس میں پارٹی رہنماں اور کارکنوں سے بھی بات چیت کریں گے۔گاندھی آج ہی دہلی روانہ ہوں گے۔