عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// سرکاری جیولری پارٹنر Tribe Amrapaliنے فلم کے کرداروں کیلئے نہایت نفاست سے زیورات تیار کئے ہیں، جن میں صدیوں پرانی اساطیر، علامتی عناصر اور بھارتی روایتی دستکاری کو ایک نئی بصری زبان میں ڈھال کر نئی نسل کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔ ہدایت کار نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں اور IMAXفارمیٹ کیلئے فلمائی گئی رامائن بھارت کے رزمیہ داستانوں میں سے ایک کی شاندار سینیمی پیشکش ہے، جو دیوالی 2026 اور 2027کے دوران دنیا بھر میں ریلیز ہوگی۔ تاریخ کی عظیم ترین رزمیہ کہانیوں میں سے ایک سے متاثر یہ فلم اس کی لازوال جذباتی گہرائی اور عظمت کو بے مثال سینیمی پیمانے پر دوبارہ زندہ کرنے جا رہی ہے۔ فلم میں رنبیر کپور بھگوان رام، سائی پلوی سیتا، یش طاقتور راون، سنی دیول عظیم ہنومان اور روی دوبے لکشمن کے کردار میں نظر آئیں گے۔Tribe
Amrapaliکیلئے یہ اشتراک محض زیورات کی ڈیزائننگ تک محدود نہیں بلکہ ایک لازوال ثقافتی ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ذریعہ ہے۔ 18ماہ سے زائد عرصے تک، ترنگ اروڑا کی تخلیقی قیادت میں برانڈ کی ڈیزائن ٹیم نے فلم کی تخلیقی ٹیم کے ساتھ مل کر اساطیر، قدیم بھارتی زیورات، مندروں کے فن، مجسمہ سازی اور علامتی روایات پر گہری تحقیق کی تاکہ ایسا جیولری وژن تخلیق کیا جا سکے جو رامائن کی دنیا سے پوری طرح ہم آہنگ ہو اور جدید سنیما کے بصری جاہ و جلال کا بھی تقاضا پورا کرے۔Amrapali Jewelsکے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کریئیٹو ڈائریکٹر ترنگ اروڑا نے کہا’’جب ہمیں رامائن کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو سب سے زیادہ خوشی اس غیر معمولی سفر کا حصہ بننے کی تھی۔ ہم سب نے رامائن کی کہانی سن کر پرورش پائی ہے، لیکن یہ منصوبہ اس لازوال رزمیہ کو نئی نسل کے لیے نئے انداز میں پیش کر رہا ہے۔ اس میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ آج کے بچوں اور آنے والی نسلوں کے لیے یہی رامائن یادگار بن جائے۔ اس اشتراک کو مزید بامعنی بنانے والی بات یہ ہے کہ رامائن کسی ایک فرد یا برانڈ سے کہیں بڑھ کر ہے۔ اس کی جڑیں ہماری اساطیر، ثقافت اور روحانیت میں پیوست ہیں۔ ایسے عظیم منصوبے میں معمولی سا کردار ادا کرنا بھی ہمارے لیے انتہائی اعزاز کی بات ہے۔